پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے روزانہ 4 گھنٹے گیس بحال، صنعتکاروں کا خیرمقدم
لاہور + فیصل آباد (کامرس رپورٹر + نمائندہ خصوصی) وفاقی حکومت نے پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے روزانہ چار گھنٹے گیس بحال کر دی ہے جس کیلئے وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب، وفاقی وزیر خزانہ، وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی گیس اور وفاقی وزیر ٹیکسٹائل کی کوششوں کو سراہتے ہیں اور ان سے درخواست کرتے ہیں کہ اگر پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات 13ارب ڈالر سے بڑھا کر 26ارب ڈالر تک بڑھانی ہے تو پنجاب کی ٹیکسٹائل ملوں کو بلا تعطل گیس اور بجلی فراہم کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار اپٹما کے مرکزی چیئرمین ایس ایم تنویر اور گروپ لیڈر گوہر اعجاز نے اپٹما ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے کیا۔اپٹما کے چیئرمین نے وفاقی وزیرٹیکسٹائل کو خراج تحسین پیش کرتے کہا نئی پالیسی سے ٹیکسٹائل انڈسٹری تیزی سے ترقی کرے گی اور ٹیکسٹائل کی برآمدات میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث ملکی ٹیکسٹائل انڈسٹری بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ بھارت سے سالانہ 30 سے40 ہزار ٹن یارن پاکستان آ رہا ہے جس سے مقامی انڈسٹری بند ہو رہی ہے اگر ٹیکسٹائل انڈسٹری کو 24گھنٹے بجلی اور گیس ملے تو بھارتی یارن درآمد کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی اور ملکی انڈسٹری ترقی کرے گی جس سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔ مزید برآں فیصل آباد کے نمائندہ خصوصی کے مطابق پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے پنجاب کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کیلئے روزانہ 4 گھنٹے گیس سپلائی بحال کرنے کے حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا ہے۔ حکومت کے اس اقدام سے جہاں لاکھوں مزدوروں کا روزگار محفوظ ہوا ہے وہیں صنعتی عمل بھی بحال ہوا ہے۔ یہ بات پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سہیل پاشا نے ایک بیان میں کہی۔ سہیل پاشا نے کہا گیس کی بندش سے صنعتی عمل معطل ہونے سے جہاں لاکھوں مزدوروں کا روزگار متاثر ہو رہا تھا وہیں ملک بھی کروڑوں ڈالر سے محروم ہورہا تھا مگر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی بروقت مداخلت اور ذاتی دلچسپی سے یہ خطرہ ٹل گیا ہے۔