امریکی عہدیداروں کے ساتھ جی ایس پی پلس کا درجہ نہ ملنے کا ایشو اٹھایا جائیگا
اسلام آباد (عترت جعفری) پاکستان آئندہ ماہ ’’پاک امریکہ معاشی تعاون ویک‘‘ کے دوران امریکی عہدیداروں کے سامنے جی ایس پی ملک کا درجہ نہ ملنے کا ایشو اٹھائے گا۔ پاکستان کو جی ایس پی ملک کا درجہ دینے کا معاملہ تاحال امریکی کانگریس میں رکا ہوا ہے اور امریکہ کی طرف سے یہ سہولت نہ ملنے کی وجہ سے پاکستانی برآمدات متاثر ہو رہی ہیں۔ مارچ کے اواخر میں ’’پاک امریکہ معاشی تعاون ویک‘‘ کے دوران امریکی صدر کے تجارتی نمائندے یا ان کے نامزد نمائندے اور دوسرے امریکی عہدیدار اسلام آباد آئیں گے جبکہ پاک امریکی بزنس کے مواقع کے بارے میں کانفرنس ہو گی جس میں امریکی اور پاکستانی کمپنیوں کے نمائندے شریک ہوں گے۔ ہفتہ پاک امریکہ معاشی تعاون کا آغاز کراچی میں امریکی قونصلیٹ میں تقریب سے ہو گا۔ مشترکہ کانفرنس میں وزیراعظم محمد نواز شریف بھی شریک ہوں گے۔