• news

انتخابی دھاندلی‘ سیاسی جرگہ جوڈیشل کمشن کے قیام کیلئے پھر متحرک

اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ 2013ء کے انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں کی تحقیقات کرانے کے لئے سپریم کورٹ کے جج پر مشتمل جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لئے ایک بار پھر ’’سیاسی جرگہ‘‘ متحرک ہو گیا ہے۔ دوسری طرف خورشید شاہ نے ’’ثالثی‘‘ کا کردار ادا کرنے کے لئے فریقین سے ملاقاتیں شروع کر دی ہیں۔ سیاسی جرگہ کے سربر اہ سراج الحق نے بھی حکومت اور تحریک انصاف کے رہنماؤں سے رابطے کئے ہیں۔ سید خورشید شاہ نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر چودھری اعتزاز احسن اور میاں رضا ربانی بھی موجود تھے۔ سید خورشید شاہ نے شاہ محمود قریشی کی وساطت سے عمران خان کو پیغام بھجوایا ہے۔ حکومت اور تحریک انصاف کو تجویز پیش کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کے حاضر سروس جج پر مشتمل جوڈیشل کمیشن قائم کر دیا جائے اور تمام معاملات جوڈیشل کمیشن کی صوابدید پر چھوڑ دئیے جائیں۔ حکومت اور تحریک انصاف جوڈیشل کمیشن کے سامنے اپنا اپنا موقف پیش کریں۔ سراج الحق اور سید خورشید شاہ دونوں جوڈیشل کمیشن کے قیام کے بارے میں پرامید دکھائی دیتے ہیں لیکن ذمہ دار ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا کہ تحریک انصاف کو اپنے موقف میں لچک پیدا کئے بغیر پیشرفت کا کوئی امکان نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن