’’چیئرمین اوگرا سعید احمد کیخلاف چارج شیٹ جاری‘‘کابینہ ڈویژن نے مس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دے دیا
اسلام آباد(عتیق بلوچ) وزیراعظم کی ہدایت پر کابینہ ڈویژن نے چیئرمین اوگرا سعید احمد خان کو چارج شیٹ جاری کردی ہے۔ کابینہ ڈویژن نے چیئرمین اوگرا سیعد احمد خان کو مس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دیدیا ہے۔ پٹرول بحران کے باعث حکومت نے چیئرمین اوگرا سعید احمد خان کو گذشتہ ہفتے تین ماہ کی جبری رخصت پر بھیجا تھا اور اب حکومت نے چیئرمین اوگرا کے خلاف انکوائری شروع کردی ہے۔ نوائے وقت کو موصول دستاویز کے مطابق کابینہ ڈویژن نے چیئرمین اوگرا سعید احمد خان کو گورنمنٹ سرونٹ رولز 1973کی رو سے مس کنڈکٹ کے مرتکب قرار دیا ہے۔ چارج شیٹ کے مطابق چیئرمین اوگرا آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پاس 20دن کیلئے پڑول سٹاک یقینی بنانے میں ناکام رہے۔ سعید احمد خان آرڈیننس کے مطابق ذمہ داری پوری نہیں کرسکے۔ دستاویز کے مطابق چیئرمین فیڈرل پبلک سروس کمشن کو درخواست کی گئی ہے کہ وہ انکوائری رپورٹ اور سفارشات کابینہ ڈویژن کو بھجوائیں تاکہ مزید کارروائی کیلئے یہ رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جاسکے۔