پیپلز پارٹی الزام تراشی سے کمزور نہیں ہو گی‘ سازش کرنیوالے ناکام ہونگے: زرداری
کراچی (سٹاف رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت بلاول ہائوس میں اجلاس ہوا۔ اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی الزام تراشی سے کمزور نہیں ہوگی۔ پارٹی کے خلاف سازش کرنے والے عناصر ناکام ہوں گے۔ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے۔ کسی الزام تراشی کا جواب دینا میرا شیوہ نہیں۔ عوام طاقت اور کارکن بھٹو ہیں، میں بھٹو کا سپاہی ہوں، مجھے کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر اہم رہنمائوں نے شرکت کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے زرداری کو صوبے میں امن وامان اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔ سیاسی صورتحال، سندھ میں ہونیوالے سینٹ کے انتخابات، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ، سندھ حکومت کی ایم کیو ایم میں شمولیت کے حوالے سے بات چیت اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ پیپلز پارٹی کیخلاف جاری تنقید کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آصف علی زرداری نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی کے وزرائ، اراکین اسمبلی عوام کے مسائل پر توجہ د یں، عوامی ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت دی کہ سندھ میں امن وامان خصوصاً کراچی آپریشن پر بھی بھرپور توجہ دی جائے۔ سندھ حکومت مسائل کے حل کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرے۔ تمام ادارے اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔ زرداری نے واضح کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی برتنے والے وزراء اور ارکان اسمبلی کو ان کے عہدوں سے فارغ کر دیا جائیگا۔ تمام وزراء اور ارکان اسمبلی عوام سے رابطے بڑھائیں۔ زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ ایم کیو ایم کے ساتھ جاری مذاکراتی عمل کو بڑھایا جائے اور باہمی مشاورت سے سندھ حکومت میں شمولیت کے امور طے کئے جائیں۔