مودی کا اوباما سے ملاقات والا سوٹ نیلامی کیلئے پیش، سوا کروڑ بولی لگ گئی
احمد آباد (صباح نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے امریکی صدر اوباما سے ملاقات کے وقت جو لباس زیب تن کیا تھا اسے فروخت کے لئے پیش کردیا ہے، اس لباس کی دھاریوں میں مودی کا نام لکھا ہے۔ نیلامی کا مقصد گنگا کی صفائی کے لئے رقم جمع کرنا ہے۔ مودی کا یہ لباس دنیا بھرکی خبروں کی زینت بنا تھا۔ نمائش کے آرگنائزرز کا کہنا ہے کہ سوٹ کے ساتھ مزید 450 تحائف بھی نیلام کیے جائیں گے اور یہ نیلامی سورت میں وزیراعظم کی رہائش گاہ پرتین دن تک جاری رہے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سورت سے تعلق رکھنے والے بزنس مین نے ایک کروڑ 21 لاکھ روپے کی بولی لگا دی ہے۔ دوسری جانب کانگریس کا کہنا ہے کہ نیلامی کا گنگا سے کوئی تعلق نہیں بلکہ لاکھوں کا سوٹ پہننے سے مودی کے پبلک امیج کو پہنچنے والے نقصان کو درست کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔