• news

مسئلہ کشمیر کے حل میں کشمیری عوام کی خواہشات کو ترجیح ملنی چاہئے: ارکان یورپی پارلیمنٹ

اسلام آباد (ایجنسیاں) یورپی پارلیمنٹ کے ارکان نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس سے ملنے والے منافع کے نتیجہ میں مزدوروں کی تنخواہوں میں بھی اضافہ ہونا چاہیے،  فوجی عدالتوں میں بھیجے جانیوالے مقدمات اور ان عدالتوں میں مقدمات کی کاروائی کو  مانیٹر کر رہے ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل میں کشمیری عوام کی خواہشات کو ترجیح ملنی چاہیے، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند ہونا چاہیے، پاکستان اور بھارت کے درمیان  بات چیت کا عمل شروع ہونا چاہیے، پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رچرڈ ہاوٹ فلپ کیمرس، سجاد کریم اور مچل گلہر نے کہا کہ حکومتی ٹیم اور دیگر نے ان ملاقاتوں میں پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال، جی ایس پی پلس، فوجی عدالتوں کا قیام، میڈیا کی صورتحال، انتخابی اصلاحات، پاکستان میں جمہوریت سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کیلئے پاکستان میں سزائے موت پر عائد پابندی ختم کرنے کا معاملہ انتہائی اہم ہے سزائے موت پر یورپی ممالک کا ایک اصولی موقف ہے تاہم ہمیں بتایا گیا ہے کہ قومی ایکشن پلان کے تحت سزائے موت پر سے پابندی ہٹائی گئی ہے اور فوجی عدالتیں سیاسی جماعتوں نے اتفاق رائے سے قائم کی ہیں۔ مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے، پاکستان کا آئین مذہب، قبیلے اور ذات کے فرق سے بالاتر ہو کر انسانی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، بعض ناگزیر وجوہات کی بناء پر سزائے موت پر سے پابندی اٹھائی گئی، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن