• news

اسلام آباد: ڈاکوؤں نے وسیم سجاد اور اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 2 کروڑ 80 لاکھ کی نقدی اور زیورات لوٹ لئے

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے ) تھانہ شہزاد ٹائون کے علاقے چک شہزاد میں سابق چیئرمین سینٹ وسیم سجاد کے گھر میں چار ڈاکو داخل ہوکر دو کروڑ 80 لاکھ روپے کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی، ڈیڑھ سو تولہ کے طلائی زیورات، چھ قیمتی کلائی گھڑیاں اور دو موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تین بجے چار ڈاکو وسیم سجاد کے فارم ہائوس واقع سٹریٹ نمبر 6فارم ہائوس نمبر12 - A میں داخل ہوگئے ڈاکوئوں نے وسیم سجاد اور اہلخانہ کو یرغمال بنا لیا اور لوٹ مار کر کے فرار ہوگئے سابق چیئرمین سینٹ کا فارم ہائوس سابق صدر پرویز مشرف کے فارم ہائوس سے کچھ فاصلے پر واقع ہے تھانہ شہزاد ٹائون پولیس کو اطلاع دی گئی تو وہ بھی تاخیر سے پہنچی۔ ڈاکو پشتو اور پنجابی میں گفتگو کر رہے تھے۔ ڈاکو تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک سابق چیئرمین سینٹ کے گھر موجود رہے اور لوٹ مار کرتے رہے۔ لاہور سے وقائع نگار خصوصی کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سینئر وکیل وسیم سجاد کے گھر میں ڈکیتی کے خلاف قرارداد مذمت منظور کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گر فتاری اور مال مسروقہ کی برآمدگی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس امر کا اظہار سپریم کورٹ بار کے صدر فضل حق عباسی کی صدارت میں بار کے ایک اجلاس میں کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن