ورلڈ باکسنگ کونسل کی رکنیت سے نوجوانوں کو مواقع ملیں گے: عثمان انور
لاہور (سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ پاکستان کو ورلڈ باکسنگ کونسل کی رکنیت ملنے سے نوجوان باکسرز کو مواقع فراہم ہوں گے، پاکستان میں باکسنگ کا بہت ٹیلنٹ ہے، ماہرین پاکستان آکر نوجوان باکسرز کو تربیت دیں گے۔ ورلڈ باکسنگ کونسل کے صدر ماریشیو سلیمان کا دورہ پاکستان باکسنگ کے فروغ کیلئے اہم حیثیت رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں کیا، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ ورلڈ باکسنگ کونسل کے صدر ماریشیو سلیمان نے دورہ پاکستان کے بعد ورلڈ باکسنگ کونسل کی ویب سائٹ پر پاکستان کے بارے میں جن خیالات کا اظہار کیا ہے وہ ملک کیلئے ایک اعزاز ہے، ان کی تحریر سپورٹس بورڈ پنجاب کی سپورٹس کے فروغ کیلئے کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاکستان کو ورلڈ باکسنگ کونسل کی رکنیت ملنے سے ملک کے نوجوان باکسرز کو مواقع فراہم ہوں گے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔باکسنگ کے حوالے سے ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا کہ ملک میں باکسنگ کا بہت ٹیلنٹ ہے، اب ہمارے کھلاڑیوں کو ورلڈ باکسنگ کونسل کے ماہرین تربیت دیں گے جس سے بین الاقوامی معیار کے باکسر تیار کرنے میں مدد ملے گی۔