افغان مہاجرین تسلی رکھیں، وطن واپسی میں زبردستی نہیں کرینگے: پرویز خٹک
پشاور (آن لائن + بیورو رپورٹ ) خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے افغان مہاجرین کو یقین دلایا ہے وہ تسلی رکھیں ان کی وطن واپسی میں صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی زبردستی نہیں ہو گی، حکومت کا کریک ڈاﺅن صرف غیرقانونی طور پر یہاں مقیم مہاجرین کے خلاف ہے تاہم اگر وہ بھی مناسب سطح پر رجسٹریشن کروا لیں اور قانونی طور پر ریگولرائز ہو جائیں تو انہیں بھی دیگر قانونی مہاجرین کی طرح یہاں وقت مقررہ تک قیام کی مکمل اجازت ہو گی۔ وہ نوشہرہ سی ایم سیکرٹریٹ میں افغان مہاجرین کے وفد سے باتیں کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ نے یقین دلایا قانونی افغان مہاجرین کے ساتھ کسی بھی قسم کی سختی یا زیادتی نہیں ہونے دی جائے گی۔ علاوہ ازیں پرویز خٹک نے بچوں کو لاحق امراض میں اضافے کے پیش نظر صوبے میں فوری طور پر ای پی آئی ایمرجنسی لگانے کا اعلان کیا ہے۔ اس مقصد کیلئے ای پی آئی کی خصوصی ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ عالمی برادری کی حفاظتی ٹیکوں کی تنظیم گاوی (گلوبل الائنس فار ویکسین اینڈ ایمونائزیشن) کے مشن نے ادارے کے سربراہ ڈاکٹر سیتھ برکلے کی معیت میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے خیبر پی کے ہاﺅس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ معاہدے کے تحت گاوی بچوں کے نو مہلک امراض سے بچاﺅ کے پانچ سالہ حفاظتی پروگرام کیلئے پندرہ ارب روپے کی خطیر مالی اور فنی امداد مہیا کرے گا۔
پرویز خٹک