• news

پولیس لائنز دھماکے کا ایک اور زخمی چل بسا‘ حتمی رپورٹ وزیراعلی کو پیش

لاہور (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنز خودکش دھماکے کا ایک زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گیا، زخمی نے گنگارام ہسپتال میں دم توڑا۔ اس طرح اس واقعہ میں شہید افراد کی تعداد 6 ہوگئی۔ مختار کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے دعوے تو بہت کئے گئے لیکن علاج کیلئے کوئی خصوصی توجہ نہ دی گئی۔ جس کے باعث وہ دم توڑ گیا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق مختار کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا جہاں اسکا علاج جاری تھا مگر گذشتہ روز اسکی حالت اچانک بگڑ گئی اور وہ جانبر نہ ہو سکا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ کو خودکش دھماکے کی حتمی رپورٹ پیش کردی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موٹرسائیکل سوار 2 دہشت گردوں نے پولیس لائنز کی تین بار ریکی کی، دونوں دہشت گرد موٹرسائیکل پر پولیس لائنز آئے، ایک واپس چلا گیا خودکش حملہ آور پولیس لائنز میں داخل ہو کر زیادہ سے زیادہ افراد کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔ چیک پوسٹ کے قریب پولیس اہلکار نے دہشت گرد کو روکا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا حملہ آور کے جسمانی اعضا کا ڈی این اے کرایا جا رہا ہے۔ معاونت کرنے والوں کے بارے میں بھی ٹھوس شواہد ملے ہیں۔
زخمی/ جاں بحق



ای پیپر-دی نیشن