• news

اسلام آباد: قاتلانہ حملے میں زخمی پمز کے ڈاکٹر شاہد نواز دم توڑ گئے وزیراعظم اور دیگر کا اظہار افسوس

اسلام آباد (خبرنگار + نوائے وقت رپورٹ) پمز ہسپتال کے سینئر ڈاکٹر اور ماہر امراض قلب ڈاکٹر شاہد نواز جو گزشتہ ہفتے ہسپتال کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئے تھے گزشتہ روز سی ایم ایچ میں دم توڑ گئے۔ 14 فروری کو ڈیوٹی ختم کرکے ہسپتال سے باہر آنے پر قاتلوں نے انہیں نشانہ بنایا ایک گولی ان کے سر میں گھس گئی جس پر وہ قومے میں چلے گئے اور ایک ہفتے سے وینٹی لیٹر پر تھے۔ ان کی نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی تاہم اسلام آباد پولیس ہفتہ گزر جانے کے باوجود بھی ڈاکٹر شاہد نواز پر حملہ کرنیوالوں کا سراغ نہیں لگا سکی۔ تاہم پولیس نے مقدمے میں دفعہ 302 شامل کرتے ہوئے تفتیش جاری رکھی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ 20 سے 30 فٹ فاصلے سے کی گئی۔ پولیس کے مطابق مقتول ڈاکٹر کے ڈرائیور اور عینی شاہدین کے بیانات مشکوک ہیں۔ ڈرائیور سے تفتیش کا فیصلہ کیا گیا ہے حملہ آور نے کارروائی سے قبل سی سی کیمرہ خراب کر دیا جس کی وجہ سے ڈاکٹر شاہد کے ہسپتال سے باہر نکلنے کی تو فوٹیج ہے حملے کی نہیں بنی حملہ منصوبہ بندی سے ماہر شوٹر نے کیا۔ دریں اثناء وزیراعظم نوازشریف نے ڈاکٹر شاہد نواز کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک ایک قابل ماہر امراض قلب سے محروم ہو گیا۔ ڈاکٹر شاہد پر حملہ کرنیوالوں کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان، ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی ڈاکٹر شاہد نواز کے قتل پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر شاہد نواز




ای پیپر-دی نیشن