لاہور پولیس نے شہریوں کی بھی بائیومیٹرک تصدیق شروع کردی، مشکوک افراد گرفتار ہونگے
لاہور (نامہ نگار) لاہور پولیس نے بائیومیٹرک سسٹم کے تحت شہریوں کی تصدیق شروع کردی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے اس حوالے سے بتایا کہ لاہور پولیس نادرا کی طرف سے فراہم کی گئیں گاڑیوں کے ذریعے شہریوں کی بائیو میٹرک تصدیق کا کام کررہی ہے۔ ان گاڑیوں میں جدید بائیو میٹرک سسٹم لگایا گیا ہے جس میں لاہور پولیس کی جانب سے کریمنل ڈیٹابیس فراہم کیا جائیگا جس کی مدد سے سرچ آپریشن کے دوران جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی میں بھی بڑی حد تک معاونت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر شہر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے لاہور پولیس نے یہ اقدام اٹھایا تاکہ پورے شہر میں مقیم افراد کا ڈیٹا جلد ازجلد اکٹھا کیا جائے اور اس نظام کو گلی محلوں تک پھیلایا جاسکے۔ آہستہ آہستہ یہ نظام پورے شہر میں متعارف کرایا جائیگا۔ انہوں نے تمام ڈویژنل ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ اس جدید بائیومیٹرک سسٹم کی مدد سے شہریوں کا ڈیٹا جلد ازجلد مرتب کریں اور روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے سرچ آپریشن کے دوران اس بائیومیٹرک سسٹم سے پورا پورا فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ سرچ آپریشن کے دوران جن افراد کی بائیومیٹرک سسٹم کے تحت تصدیق نہیں ہوگی ان کو فوراً حراست میں لیا جائے گا اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بائیو میٹرک