• news

غیرملکی ٹیمیں پاکستان آئیں: شہریار خان‘ آسٹریلوی ٹیم دورہ کرے: پیٹر ہیور

لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) آسٹریلیا کے پاکستان میں متعین ہائی کمشنر پیٹر ہیور نے کہا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے شدید خواہش مند ہیں۔ یہا ںکے لوگ پر امن ، کھیل اور کھلاڑیوں سے پیار کرنے والے ہیں۔ پاکستان میں آسٹریلوی ٹیم کے دورے کے حوالے سے ان کا کرکٹ آسٹریلیا سے بلواسطہ رابطہ ہے وہ اخلاقی طور پر چاہتے ہیں کہ آسٹریلین ٹیم پاکستان کا دورہ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ جناح میںآسٹریلین ہائی کمشن اور لاہور جم خانہ کلب کے درمیان کھیلے گئے فیاض سنبل ٹرافی کے میچ کے دوران کیا۔ پیٹر  ہیورڈنے مزید کہا کہ ان کی کوششوں سے آسٹریلیا کی مقامی ٹیمیں دوستانہ میچ کھیلنے کیلئے پاکستان آچکی ہیں۔ یہاں پر کرکٹ کی اعلیٰ سہولیات ہیں اور باغ جناح جیسے انتہائی کشادہ ،سرسبز اور خوبصورت کرکٹ کے گرائونڈ بھی ہیں۔ اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار احمد خاں نے کہا کہ ان کی بحیثیت چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ یہ کوشش ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے میدان سجائے جائیں اور یہ سب کچھ جلد ازجلد ہونا چاہیے۔اس ضمن میں اسلام آباد میں سفارتی سطح پر بھی کرکٹ کھیلنے والے ملکوں کے سفیروں سے بات چیت کا سلسلہ اور خصوصی رابطہ قائم ہے۔ شہریار احمد خان نے توقع ظاہر کی کہ لاہور جم خانہ غیر ملکی کلبز اور سفارتخانے کی ٹیموں کی شاندار مہمان نوازی کرتارہے گا۔ لاہور لٹریری فیسٹیول میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہوئے چئیرمین پی سی بی شہر یار خان نے کہا کہ کرکٹ ٹیم اور بورڈ کے درمیان کوئی تنازعہ نہیں ہے۔ کرکٹ ٹیم اور بورڈ انتظامیہ تمام معاملات پر ایک ہی پیج پر ہیں۔ کھیل میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے ، شکست کو خود پر طاری نہیں کرنا چاہیئے۔آئندہ میچز میں قومی ٹیم پوری جان لڑا کر کھیلے گی۔ آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے کہا کہ کرکٹ ہماری ثقافت کا جز اوّل ہے ۔باغ جناح میں غیر ملکی مہمان اور معززین شہر کا یہ شاندار اجتماع ذاتی طور پر ان کے لیے یاد گار موقع ہے جسے وہ کبھی بھلا نہ پائیں گے۔ جم خانہ کرکٹ کلب کے سیکرٹری اور کپتان جاوید زمان نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاہور جم خانہ نے اپنی روایت کی ہمیشہ پاسداری کی ہے۔ آسٹریلین ہائی کمشن ٹیم کا یہاں کھیلنا اعزاز کی بات ہے۔ جاوید زمان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین شہریار احمد خان کو شاندار خراج تحسین پیش کیااور انہیں پاکستان کا وقار اور عزت بلند کرنے کے حوالے سے بہترین شخصیت قرار ادیا۔ تقریب میں نظامت کے فرائض کرکٹ کمنٹیٹر اور لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری راجہ اسدعلی خاں نے سرانجام دئیے۔ لاہور جم خانہ کے چیئرمین میاں مصباح الرحمن کے علاوہ کمشنر لاہور عبداللہ سنبل، سابق کپتان ماجد خان،  سلیم ملک، خالد قریشی ، وقار احمد ،نجم لطیف، زاہد نبی ملک بھی موجود تھے۔غیر ملکی مہمانوں نے لاہور جمخانہ میں قائم کرکٹ میوزیم کا دورہ کیا اور اس ضمن میںمیوزیم کے بانی نجم لطیف کی کاوشوں کی تعریف کی۔ مہمان خاص کی حیثیت سے عظیم آسٹریلوی کرکٹر پانفوریڈ کی پوتی میگن پانفوریڈ بھی موجود تھی۔ تقریب کے اختتام پر شہریار احمد خان نے لاہور جم خانہ کے کپتان جاوید زمان کو ونر ٹرافی دی جبکہ دیگر مہمانانا گرامی کو بھی تحائف اور سوینیئر پیش کئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن