پی سی بی میں اختیارات کی جنگ، بورڈ کے افسر 2 گروپوں میں تقسیم
لاہور (سپورٹس رپورٹر/نمائندہ سپورٹس) پی سی بی میں اختتارات کی جنگ،بورڈ افسران دوگرپوں میں تقسیم ہوگئے۔پی سی بی میں ایک گروپ سابق چیئرمین نجم سیٹھی کی حمایت جبکہ شہریار خان کو ناکام ثابت کرنا چاہتا ہے۔ محمد حفیظ کی اچانک واپسی بھی انہی اختلافات کا شاخسانہ ہے۔سعید اجمل کو سکواڈ میں شامل نہ کرنے اور محمد حفیظ کی واپسی کے بارے میں نجم سیٹھی گروپ نے شہریار خان کو لاعلم رکھا۔چیف سلیکٹر معین خان کی ٹیم کے ہمراہ مسلسل موجودگی پر سابق کرکٹرز ورطہ حیرت میں مبتلا ہیںکیونکہ چیف سلیکٹر کو پی سی بی کے خرچے پر خلاف روایت بھجوایا گیا۔ڈائریکٹر میڈیا امجد بھٹی کو بھی سرکاری خرچے پر ٹور پر نیوزی لینڈ روانہ کیا گیا۔ ٹیم مینجر کی موجودگی میں چیف سلیکٹر کا مسلسل موجود رہنا بلاجواز ہے۔ اب بورڈ آف گورنرز کے ارکان کو سرکاری خرچے پر آسٹریلیا بھجوانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ پی سی بی کی توجہ ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کی بجائے غیرملکی دوروں پر ہے۔