حکومت‘پی ٹی آئی میں جوڈیشل کمیشن پر اتفاق رائے ہو چکا‘بلاول اگلے ماہ واپس آئینگے: خورشید شاہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/ آئی این پی) اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کی مخالفت کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو اور زرداری میں اختلافات نہیں۔ بلاول اگلے ماہ واپس وطن آ جائیں گے۔ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان جوڈیشل کمیشن کے قیام پر اتفاق رائے ہو چکا ہے جس پارٹی کے پاس جتنی نشستیں ہیں اسی مناسبت سے سینٹ کی سیٹیں ملنی چاہئیں۔ صمصام بخاری کے بیٹے کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میری اور اعتزاز احسن کی اسحاق ڈار سے ملاقات ہو چکی ہے۔ قمر الزمان کائرہ بھی جلد عمران خان سے ملیں گے۔ حکومت اور تحریک انصاف جوڈیشل کمیشن کے قیام پر آمادہ ہیں۔ انہوں نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں بھی سیاست شامل ہو گئی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم میاں نواز شریف کو چیئرمین پی سی بی کیلئے دو متبادل نام پیش کرتے ہوئے کہا کہ وسیم اکرم یا جاوید میانداد کو چیئرمین پی سی بی بنایا جائے دو نوں میں سے کسی کو ذمہ داری دی جائے تو ٹیم میں سیاست نہیں ہو گی۔ ایم کیو ایم کا کچھ پتہ نہیں کب حکومت سے جاتی ہے، کب واپس آتی ہے۔