• news

این اے 122 : ووٹوں کی دوبارہ تصدیق کی قانونی گنجائش نہیں، ایاز صادق کا جواب

لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ وقائع نگار خصوصی+ آن لائن) این اے 122 میں انگوٹھوں کی تصدیق پر عمران کی درخواست کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے لاہور الیکشن ٹربیونل میں تحریری جواب داخل کراتے ہوئے کہا ہے کہ انگوٹھوں کی تصدیق دوبارہ نادرا سے کروانے کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں کیونکہ عمران الزامات کی جانچ پڑتال لوکل کمیشن سے کروا چکے ہیں اور تمام شہادتیں مکمل ہوچکی ہیں، تھیلے کھل چکے ہیں۔ نادرا مانتا ہے کہ انگوٹھوں کی تصدیق میں مشکلات ہیں۔ ادھر این اے 118 سے کامیاب مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک ریاض کے وکیل نے تحریک انصاف کے امیدوار ملک زمان کی طرف سے دائر درخواست کا جواب جمع کرا دیا۔ حامد زمان کی طرف سے سابق تاریخ سماعت پر درخواست دی گئی کہ ووٹوں کی تصدیق نادرا سے کرائی جائے۔ ملک ریاض کے وکیل نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ ووٹوں کی تصدیق ہوچکی ہے، نادرا سے تصدیق کرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ سماعت کے موقع پر پی ٹی آئی اور لیگی کارکن بھی آمنے سامنے تھے اور ایک دوسرے کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ ادھر این اے 122دھاندلی کیس کی سماعت کرنے والے ٹریبونل کو سکیورٹی وجوہات کی بنا پر لاہور ہائی کورٹ کی عمارت میں منتقل کرنے کیلئے متعلقہ عدالت کی انتظامیہ سے رابطہ کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن