• news

مسلسل دوسری شکست،پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت فیصلے کرنے کا فیصلہ کرلیا

لاہور( نمائندہ سپورٹس)کرکٹ کے میگا ایونٹ میں مسلسل دوسری شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت فیصلے کرنے کا فیصلہ کرلیا ، ٹیم کی کوارٹر فائنل تک رسائی میں ناکامی کی صورت میں ناکام کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ، سلیکشن کمیٹی اور اعلی بورڈ حکام کو فارغ کئے جانے کا امکان ہے،بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے ٹیلی کانفرنس بھی طلب کر لی۔ کرکٹ ورلڈ کپ میں اگر قومی کرکٹ ٹیم کوارٹر فائنل تک رسائی میں ناکام رہی تو ٹیم اور بورڈ میں بڑے پیمانے میں اکھاڑ پچھاڑ ہوگی ۔معین خان سمیت سلیکشن کمیٹی کو فارغ کیے جانے‘ ہیڈ کوچ وقار یونس کے خلاف کارروائی پر بھی غور کیا جارہا ہے جبکہ معاون کوچز کے کنٹریکٹس میں بھی اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف شکست کے بعد چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے ٹیم مینجمنٹ کو پیغام بھجوایا ہے کہ باقی مقابلوں میں بہتر حکمت عملی اور جذبے سے میدان میں اترا جائے ۔شہریارخان نے مزید تجربات سے گریزکرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے جبکہ آنے والے میچز میں ریگولر وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ساتھ گرائونڈ میں اترنے کی بھی ہدایات دیدیں۔ ٹیم کی بدترین کارکردگی پر پردہ ڈالنے والے چیئرمین پی سی بی بھی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر شدید برہم ہیں اور انہوں نے آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے ٹیلی کانفرنس بھی طلب کرلی ہے۔ ٹیلی کانفرنس میں شکست کی وجوہات اور ناقص کارکردگی پر ٹیم مینجمنٹ سے جواب طلب کیا جائے گا۔ٹیم مینجمنٹ بدترین کارکردگی کی وجوہات کے بارے میں تفصیلی طور پر چیئرمین کو آگاہ کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن