نوید عالم نے پاکستان ہاکی فیڈریشن میں اہم ذمہ داری قبول کرلی
لاہور( نمائندہ سپورٹس ) پاکستانی ہاکی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ نوید عالم کو پی ایچ ایف میں ڈی جی ڈویلپمنٹ اینڈ پلاننگ کی ذمے داری دی جارہی ہے جسے انہوں نے قبول کرلیا ہے۔ نوید عالم کو 2008کے بیجنگ اولمپکس کے بعد پی ایچ ایف میں ہونے والی تبدیلی کے بعد سبکدوش کردیا گیا تھاجس کے بعد سات سال تک انہوں نے پی ایچ ایف کے خلاف سابق ہاکی اولمپئنز کی مہم میں نمایاں کردار ادا کیا مگر پی ایچ ایف کے انتخابات میں اختررسول اور رانا مجاہد علی خان کے صدر اور سیکرٹری منتخب ہونے کے بعد سابق اولمپئنز کے گروپ سے سابق کپتان اصلاح الدین، شہناز شیخ، سمیر حسین، قمر ابراہیم، ایاز محمود و دیگر نے فیڈریشن کی حمایت اور ذمے داریاں قبول کرلی تھیں۔ نوید عالم نے پی ایچ ایف کے صدر اختر رسول اور سیکرٹری رانا مجاہد سے ملاقات کی جس میں سابق سکرٹری آصف باجوہ بھی موجود تھے۔نوید عالم نے کہا کہ اختلافات ذاتی نہیں ، ہمارا مقصد پاکستان ہاکی کو بہتری کی سمت پر گامزن کرنا ہے، موجودہ عہدے دار وں کی نیت اچھی نظر آرہی ہے۔