کرکٹ ورلڈ کپ: بھارت نے جنوبی افریقہ کو ہرادیا، سری لنکا کے ہاتھوں افغانستان کو شکست
لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں اتوار کو بھارت نے جنوبی افریقہ اور سری لنکا نے افغانستان کو شکست دیکر اپنے اپنے میچ جیت لئے۔ بھارت کی ورلڈ کپ میں یہ مسلسل دوسری کامیابی ہے۔ بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں307رنز بنائے جواب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم177رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اسطرح بھارت نے یہ میچ130رنز سے جیت لیا اور یہ پہلا موقع ہے کہ ورلڈ کپ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو ہرایا ہے۔ بھارت کے شیکر بھون 137زنز بنا کر مین آف دی میچ قرار پائے۔ اس سے پہلے ڈنسٹرن میں سری لنکا اور افغانستان میں میچ کھیلا گیا۔جس میں سری لنکا نے مہلا جے وردھنے کی سنچری کی بدولت دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو 4وکٹوں سے شکست دیدی افغان ٹیم 49.4اوورز میں232رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، جواب میں سری لنکن ٹیم ابتداء میں شدید مشکلات کا شکار رہی، دو رنز پر اوپنر بلے باز تھراما اور دلشان کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے، سنگا کارا سات رنز بنا سکے، کپتان انجیلو میتھیوز نے44رنز بنائے۔ تھسارا 47کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ افغانستان کی جانب سے حامد حسن نے3، دولت زدران اور شپورزدران نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ افغان ٹیم کے اصغر استنکزئی 54رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بلے باز رہے، سمیع اللہ شنواری نے38، میر واعظ اشرف نے28، جاوید احمدی نے24 اور محمد نبی نے21رنز کی اننگ کھیلی ،میچ میں سنچری بنانے والے مہلا جے وردھنے کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔