• news

چمن ، بم دھماکہ،بچہ جاں بحق، 12 زخمی: بنوں میں جھڑپ، ایک دہشت گرد ہلاک، 2 گرفتار

چمن + جمرود + بنوں (نوائے وقت نیوز+ آئی ین پی) چمن کے بازار چاندنی چوک تاج بازار میں بم دھماکہ ہوا جس سے ایک بچہ جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق دھماکہ ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا۔ دھماکہ سے متعدد گاڑیاں تباہ جبکہ قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرتے رہے۔ جاں بحق ہونیوالے بچے کا نام ذبیح اللہ اور اس کی عمر 8 برس تھی۔ علاوہ ازیں ڈیرہ بگٹی کے علاقے پیرکوہ میں 8 انچ قطرگیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ کردی گئی جس کے باعث 2 کنوؤں سے پلانٹ کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی حکام اور او جی ڈی سی ایل کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ خیبر ایجنسی میں جمرود میں بائی پاس روڈ پر واقع سیکوٹی چیک پوسٹ کے قریب نصب بارودی مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ 2 خاصہ دار زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ صباح نیوز کے مطابق کوہاٹ میں خوفناک دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا کر جدید ڈیزائن کا طاقتور ریموٹ کنٹرول بم ناکارہ بنا دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ محمد صہیب اشرف کے مطابق کوہاٹ ہنگو روڈ پر جدید ڈیزائن پر سیمنٹ کے بلاک میں تیار کئے گئے خطرناک بم کا وزن10کلوگرام بتایا جا رہا ہے جس میں بال بیرنگ، بارودی ڈھنڈوں، ریموٹ ریسور ، ڈی سی الیکٹرک بیٹریوں اور پرائما کارڈ کو الیکٹرک ڈیٹونیٹر سے منسلک کیا گیا تھا۔ دریں اثناء وادی تیراہ کے علاقے نڑی بابا میں امن لشکر اور دہشت گردوں کی جھڑپ میں لیویز ذرائع کے امن لشکر کا ایک رضاکار جاں بحق، ایک زخمی ہوگیا۔ دریں اثناء آئی ایس پی آر کے مطابق نیوی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں نے دستی بم سے حملہ کردیا۔ حملہ نیوی کوہاٹ روڈ پر سپورٹس سٹیڈیم کے باہر کیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ دو کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گاڑی پر حملے میں 5 اہلکار زخمی ہوئے۔ گرفتار ہونے والوں میں طالبان کمانڈر شامل ہے۔ کارروائی میں دہشت گردوں سے ملنے والی ایک خودکش جیکٹ کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ ادھر ہنگو کے علاقہ قاضی تالاب میں شرپسندوں کی پولیس اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ ہوئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاوہ ازیں ڈیرہ بگٹی کے علاقے تلی مٹی اور دیگر علاقے میں نامعلوم افراد نے 4 کلو اور 8 کلو کے دستی بم نصب کئے تھے تاہم ایف سی کی کارروائی سے دونوں دستی بموں کو ناکام بنا دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن