• news

رافیل نڈال ریو اوپن میں اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر

ریوڈی جنیرو (سپورٹس ڈیسک) عالمی نمبر تین رافیل نڈال ریو اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئے جبکہ انہی کے ہم وطن ڈیوڈ فیرر فائنل کھیلیں گے۔ ریو ڈی جنیرو میں جاری اے ٹی پی ایونٹ کے سیمی فائنل میچز کھیلے گئے۔ دفاعی چیمپئن سپینش سٹار رافیل نڈال اٹلی کے فیبیو فوگینی کے مدمقابل ہوئے۔ سپینش سٹار نے پہلا سیٹ چھ ایک سے اپنے نام کیا لیکن اطالوی کھلاڑی نے دوسرے سیٹ میں شاندار کم بیک کیا اور چھ دو سے فتح سمیٹی۔ تیسرے سیٹ میں دونوں کھلاڑیوں کی جانب سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ ہوا اور یہ سیٹ بھی اٹلی کے فیبیو فوگینی نے سات پانچ سے جیت لیا۔ اس فتح کے بعد فیبیو نے ٹورنامنٹ میں پہلی بار فائنل کے لیے کوالیفائی بھی کر لیا۔ ایک اور سیمی فائنل میچ میں سپین کے ڈیوڈ فیرر نے آسٹریا کے اینڈریاس ہائیڈر کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی۔ فیرر کو سٹریٹ سیٹس میں سات پانچ اور چھ ایک سے کامیابی حاصل ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن