• news

گورنر خیبر پی کے نے قبائلی علاقوں کیلئے پہلی فاٹا منرل پالیسی کی منظوری دیدی

پشاور (این این آئی)گورنر خیبرپی کے سردار مہتاب احمد خان نے قبائلی علاقوں کے معدنی وسائل سے بہترین استفادہ اور مقررہ ٹائم فریم میں شفاف طریقہ سے معدنی ذخائرکی لیزوں اجراءکے لئے پہلی فاٹا منرل پالیسی کی منظوری دی ہے، معدنی ذخائر کی لیزوں کے اجرا میں بے قاعدگیوں کی روک تھام، معدنیات پر قبائلی تنازعات کا موثر حل، لیزوں کے اجراءمیں متعلقہ قبائل کی مشاورت، معدنی کارکنوں کی پیشہ ورانہ تربیت کے پروگرامزکے اجراءاور دوران کام حادثات میں جاں بحق و زخمی ہونے والے کارکنوں کی مالی معاونت کے لئے مستقل فنڈکا قیام اس پالیسی کے اہم نکات میں شامل ہیں۔گورنر خیبرپی کے نے وفاق کے زیرانتظام قبائلی علاقوں میں موجود معدنی ذخائرکے غیرقانونی استعمال کی روک تھام اور ان وسائل سے بہترین استفادہ کے لئے ایک جامع پالیسی مرتب کرنے کی ہدایت کی تھی جس پر متعلقہ حکام نے ماہرین اور سٹیک ہولڈرز سے طویل مشاورت کے بعدفاٹا کے لئے پہلی منرل پالیسی کا مسودہ مرتب کیا جسے گذشتہ روز گورنر کی منظوری کے لئے پیش کیاگیا اس پالیسی کے تحت قبائلی علاقوں میں معدنی ذخائر کی کانیں لیز پر دینے کےلئے منرلز ڈائریکٹوریٹ فاٹا سیکرٹریٹ شفاف طریقہ سے درخواستیں وصول کرکے پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر ویٹنگ لسٹ مرتب کرے گا یہ درخواست 7 روزکے اندر اندراس کان سے مقررہ پرفارمہ پر قومی(قبائلی) ایگریمنٹ متعلقہ ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ یا ایف آر کی صورت میں اس ضلع کے ڈپٹی کمشنر کوارسال کرے گا۔ پولیٹیکل ایجنٹ سات روز کے اندر اندریہ دستاویزات ضروری کارروائی یا عملدرآمد کیلئے علاقہ کے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ کو بھجوائے گا جبکہ گورنر خیبر پی کے سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ معدنی وسائل قوم کی امانت ہیں۔ قبائل کی مشاورت سے اس کا بہترین استعمال کیا جائیگا۔
منرل پالیسی منظور

ای پیپر-دی نیشن