• news

افغانستان : نیٹو کی بمباری‘ فورسز کا آپریشن چار مبینہ پاکستانیوں سمیت چوبیس طالبان ہلاک سترہ زخمی

کابل (آئی این پی) افغانستان میں نیٹو فورسز کے فضائی حملے اور نیشنل سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 پاکستانی طالبان سمیت 24 عسکریت پسند ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے جبکہ 7 کوگرفتار کرلیا گیا۔ اتوار کو افغان میڈیا کے مطابق صوبہ نورستان میں نیٹو فورسز کے فضائی حملے میں 4 پاکستانی طالبان ہلاک ہوگئے۔ نیٹو فوسز کے طیاروں نے ضلع کامدش کے بازار کے مضافات میں عسکریت پسندوں کے خفیہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ افغان سرحدی پولیس کے ایک کمانڈر نے بتایا کہ طیاروں نے عسکریت پسندوں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ دہشتگرد حملوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے ،فضائی حملے میں شہریوں کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ادھر افغان وزارت داخلہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں افغان نیشنل سیکورٹی فورسز کے آپریشن میں 20 طالبان جنگجو ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے جبکہ سات کو گرفتار کرلیاگیا۔ آپریشن صوبہ کنٹر ،تخار،قندوز،بدخشان،سرائے پل،لوگر،پکتیااور ہلمند میں کیا گیا جبکہ افغان نیشنل پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہی صوبہ کنٹر، قندھار، ارزگان، غزنی اور خوست میں آپریشن کے دوران 12 دیسی ساختہ بم ڈیوائسز برآمدکرکے ناکارہ بنادیں۔وزارت داخلہ نے آپریشن کے دوران جانی نقصان کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کیں۔
افغانستان/طالبان ہلاک

ای پیپر-دی نیشن