گینز ورلڈ ریکارڈ خواب تھا، کامیابی پر خوش ہوں : فرحان ایوب
لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس)گینز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر فرحان ایوب نے کہا کہ گینز ورلڈ ریکارڈ بنانا میرا خواب تھا اور میرے خواب کو تعبیر پنجاب یوتھ فیسٹیول میں ملی جس پر میں ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کا شکر گزار ہوں۔ اب 15مختلف گینز ورلڈریکارڈز بنانے کی بھرپور تیاری کر رہا ہوں، ان خیالات کا اظہار پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014کے دوران ایک منٹ میں 38 پش اپ لگا کر گینز ورلڈ ریکارڈ قائم کرنیوالے اتھلیٹ فرحان ایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔فرحان ایوب نے کہا کہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ مجھے کھیلوں کا بھی شوق تھا۔ نیٹ پر گینز ریکارڈ دیکھا کہ انگلینڈ کے ایک شہری نے ایک منٹ میں 22 پش اپ لگا کر گینز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔ پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014 میں ایک منٹ میں 38کپ اپس لگا کر گینز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔ سپورٹس بورڈ پنجاب کی طرف سے ایک لاکھ روپے کا نقد انعام بھی ملا جس سے میری بہت حوصلہ افزائی ہوئی ہے اب میں مزید محنت کررہا ہوں اور 15مختلف گینز ورلڈ ریکارڈ بنانے کیلئے بھرپور تیاری کررہا ہوں ،انشاءاللہ پنجاب یوتھ فیسٹیول 2015 میں 15گینز ورلڈ ریکارڈز قائم کرکے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرونگا۔فرحان ایوب نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز اور صوبائی وزیر کھیل رانا مشہوداحمد خاں کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت باقاعدگی سے ہر سال پنجاب یوتھ فیسٹیول منعقد کرائے تاکہ ملک کا ٹیلنٹ ضائع نہ ہو اور ان کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملتا رہے۔