ملک بھر سے 31 مارچ کے بعد گیس لوڈشیڈنگ ختم ہوجائیگی: عابد شیر
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت پانی و بجلی چودھری عابد شیر علی نے کہا ہے کہ 31 مارچ کے بعد ملک بھر سے گیس کی لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی، قطر سے گیس لانے کے علاوہ بلوچستان سے گیس کے ذخائر مل چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز 84کی یونین کونسل 238 اور 249 کرامت آباد میں بجلی اور نئی سڑکوں کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بتدریج کمی ہو رہی ہے، پیپلزپارٹی کی حکومت میں 18، 18 گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی مگر اب 5 سے 6 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ رہ گئی ہے جسے ہم اپنے دورحکومت میں ختم کر کے دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتے ہیں، گیس، بجلی، سیوریج اور دوسری بنیادی سہولتیں عوام کا حق ہے اور ہم عوام کو یہ سہولتیں ان کی دہلیز پر پہنچائیں گے۔ بیوروکریسی نے کئی بار وزیراعظم محمد نواز شریف کو گیس مہنگی کرنے کا مشورہ دیا مگر وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ہم عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا چاہتے ہیں اس لئے ہم گیس مہنگی نہیں کریں گے۔ 31مارچ کے بعد ہمارے پاس گیس وافر مقدار میں موجود ہو گی اس لئے ہم گیس سے بجلی بناکر بجلی کی کمی کو پورا کریں گے اور آنے والی گرمیوں میں کم سے کم بجلی کی لوڈ شیڈنگ کریں گے۔ اس موقع پر ریاض احمد گجر اور میاں سرور نے کہا کہ عابد شیرعلی نے دو کروڑ ستر لاکھ روپے کی لاگت سے عثمان غنی روڈ بنا کر ہمارا دیرینہ مسئلہ حل کر دیا ہے۔
عابد شیر