حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو چکی ہے‘ بلدیاتی انتخابات میں کلین سویپ کرینگے: عبدالعلیم
لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات سے جتنا بھی بھاگے اس سال انہیں بلدیاتی انتخابات کروانا ہی پڑیں گے۔ تحریک انصاف پوری تیاریوں میں ہے بلدیاتی الیکشن میں ہم کلین سویپ کریں گے۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے اور امن قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ تھانوں میں رشوت و بدعنوانی کا دور دورہ ہے‘ گھر کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنے کے دعویدار عدالتوں کے ذریعے انصاف یقینی بنانے میں بھی ناکام ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز نوائے وقت دفاتر کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں انہوں نے ایڈیٹر انچیف نوائے وقت گروپ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف میں کسی قسم کے دھڑے بندی نہیں ہے۔ پارٹی میں جمہوریت ہے اور الیکشن کے ذریعے نیچے سے اوپر تک قیادت منتخب ہوئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چودھری محمد سرور کی تحریک انصاف میں شمولیت خوشگوار اضافہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں تحریک انصاف کی تنظیم کو یونین کونسل کی سطح تک منظم کر لیا ہے تاہم جو عہدیدار فعال نہیں ہیں ان کو تبدیل کیا جا سکتا ہے۔