• news

لاہور: باورچی نے ڈانٹنے پر تحرک انصاف کی رہنما گلشن آرا کو پھندا دیکر مارڈالا

لاہور (نامہ نگار) لاہور کے علاقے ڈیفنس اے میں گھریلو باورچی نے ڈانٹ ڈپٹ کرنے پر اپنی مالکہ اور تحریک انصاف کی سرگرم رہنما گلشن آراءکو گلے میں بجلی کے تار سے پھندا دے کر موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہو گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایکس بلاک میں 47 سالہ گلشن آراءاور اس کی بیٹی ایمان ملک ایک گھر میں رہائش پذیر تھیں جبکہ ظہور بخش نامی باورچی بھی ان کے ساتھ ہی رہتا تھا۔ گزشتہ روز ایمان ملک چیک اپ کرانے کے لیے مقامی ڈاکٹر کے پاس گئی۔ جب وہ واپس گھر آئی تو گھر کا مین گیٹ باہر سے کھلا تھا۔ جبکہ کمرے میں اس کی ماں گلشن آراءمردہ حالت میں پڑی تھی۔ جسے تشدد کے بعد گلے میں بجلی کے تار سے پھندا دے کر قتل کیا گیا تھا جبکہ باورچی ظہور بخش بھی گھر سے غائب تھا۔ اطلاع پر پولیس نے نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی اور مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا۔ پولیس کے مطابق قوی شبہ ہے کہ گھریلو ملازم ظہور بخش نے اپنی مالکن گلشن آرا کو گلے میں تار کا پھندا دے کر قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ مقتولہ کی بیٹی ایمان ملک کے مطابق ظہور بخش 8 سال قبل ہمارے گھر میں باورچی کی نوکری کرتا تھا۔ پھر اچانک وہ غائب ہو گیا۔ ایک ہفتہ قبل وہ دوبارہ ہمارے گھر آیا اور ہم نے اسے اس کی درخواست پر دوبارہ کام پر رکھ لیا تاہم اس کی مشکوک حرکات و سکنات پر والدہ نے اسے ڈانٹا تھا اور مجھے اس سے آگاہ کیا تھا اب ظہور بخش غائب ہے اور اس کا موبائل فون بھی بند ہے۔ ایمان ملک نے یہ بھی بتایا کہ اس کی ماں غصہ کی تیز تھی۔ شبہ ہے کہ اس کی ماں نے ظہور بخش کی کسی بات پر اس کو برا بھلا کہا ہو گا۔ جس سے اس نے کچن میں کھانا پکتا چھوڑ کر میری ماں کے گلے میں تار سے پھندہ دے کر قتل کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن