چمن، بم دھماکہ، ایک شخص جاں بحق: بولان، چیک پوسٹ پر حملہ، اہلکار شہید
چمن + ہنگو + پشاور (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) کوئٹہ کے علاقے چمن میں موٹر سائیکل پر نصب بم دھماکے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوگئے جبکہ قریبی کھڑی گاڑیوں اور عماتوں کو شدید نقصان پہنچا۔ بالان مین ایف سی کی چیک پوسٹ کے قریب دھماکہ ہوا جس سے ایک اہلکار شہید ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز چمن کے علاقے مال روڈ پر ایک موٹر سائیکل پر بارودی مواد نصب کیا گیا تھا جس کو ریموٹ کنٹرول سے اڑا دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 6 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں 2 افراد کی حالت تشویشناک ہے جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ دھماکے میں قریبی کھڑی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دوسری جانب بولان کے علاقے ماروار میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر بم حملہ ہواجس کے نتیجے میں بارودی سرنگ کی صفائی کرنے والا ایک ایف سی اہلکار شہید ہو گیا ہے جبکہ ایک ایف سی اہلکار زخمی ہو گیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق دھماکہ خیز موادسڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا۔ادھر ہنگو میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا اور سکیورٹی فورسز نے اہم دہشت گرد کے گھر پر چھاپے کے دوران برآمد کیا گیا 15 کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم ناکارہ بنا دیا۔ دہشت گرد چھاپے سے پہلے گھر سے بھاگنے میں کامیاب ہوگئے۔ اسلام آباد میں سرچ آپریشن کے دوران مزید 20 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز خفیہ اطلاع ملنے پر ہنگو کے علاقہ سپین خاوری میں سرک دانہ کے مقام پر کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 2 اہم دہشت گردوں کے گھر پر چھاپہ مارا جس کے دوران 15 کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم جوکہ گھر میں چھپایا گیا تھا، کو برآمد کرلیا گیا۔ اس دوران گھر سے 2 ایس ایم جی اور سینکڑوں مختلف قسم کے کارتوس برآمد کرلئے گئے۔ علاوہ ازیں اسلام آباد پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 20 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ یہ سرچ آپریشن مسلم کالونی، سیکٹر G-13 اور گردونواح میں کیا گیا۔ ادھر جمرود روڈ پشاور پر پولیس نے کارروائی کرکے گاڑی کے خفیہ خانوں سے 40 پستول اور 80 میگزین برآمد کرلئے۔آن لائن کے مطابق گورنمنٹ بوائز ہائی سکول گڑتھامہ آزاد کشمیر کو بم سے اڑانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ بروقت اطلاع کے باعث سکول میں زیر تعلیم 385 بچوں سمیت 400 افراد دہشت گردی کا شکار ہونے سے بچ گئے۔ دہشت گردوں نے منصوبے کے تحت پن نکال کر گرنیڈ سیڑیوں پر رکھ دیا۔ سکول سٹاف کی نظر گرنیڈ پر پڑی تو انھوں نے پولیس کو آگاہ کیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نے گرنیڈ کو ناکارہ بنا دیا۔