ہارس ٹریڈنگ، دھاندلی، حکومت اے پی سی بلائے: زرداری
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سابق صدر زرداری نے کہا ہے کہ دھاندلی اور ہارس ٹریڈنگ کی بیماریوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی ضرورت ہے۔ اس ضمن میں موثر اور ٹھوس اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ خوش آئند ہے کہ حکومت ہارس ٹریڈنگ کے مسئلے کو سنجیدگی سے لے رہی ہے۔ ہارس ٹریڈنگ کا خاتمہ محض الفاظ کی جادوگری سے نہیں ہو گا، حکومت سنجیدہ ہے تو تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر دھاندلی کا راستہ روکا جا سکتا ہے۔ یہی ہماری جمہوریت کی بنیادوں کو نقصان پہنچاتی ہے۔ مبینہ دھاندلی کے خلاف دھرنوں سے سیاسی و انتظامی بریک ڈائون کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا، پارلیمنٹ اور حکومت سیاستدانوں کے سیاسی اتحاد و تدبر سے بچا لیا تھا۔ دھاندلی کا مسئلہ تنہا حکومت کو نہیں تمام سیاسی جماعتوں کو ملکر حل کرنا چاہئے۔ حکومت اس معاملے پر اے پی سی بلائے، اے پی سی میں ہارس ٹریڈنگ اور دھاندلی کا پائیدار حل نکالا جائے۔ دھاندلی سے متعلق ان الزامات کا حل بھی تلاش کیا جائے جس کیلئے عمران خان نے احتجاج کیا۔