• news

پنجاب بھر میں پانچویں کا انگریزی پیپر ملتوی، طلبا کو پریشانی: ایک پرنٹر سے پرچے چھپوانے کے باعث پرائمری، مڈل کے امتھانات ری شیڈول

لاہور (لیڈی رپورٹر+ نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے زیراہتمام پانچویں جماعت کا انگریزی کا پرچہ امتحانی سنٹروں تک نہ پہنچنے کے باعث پنجاب بھر میں ملتوی کردیا گیا جس کے باعث طلباء اور والدین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور طلبہ اور انکے والدین نے امتحانی سنٹروں کے باہر شدید احتجاج کیا اور ’’گو نواز گو‘‘ کے نعرے لگانے شروع کر دیئے۔ انگریزی کا پیپر آج 11 بجے ہو گا جبکہ ایک پرنٹر سے پرچے چھپوانے سے پرائمری اور مڈل کے امتحانات ری شیڈول کر دیئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز صبح 11بجے پانچویں جماعت کا انگریزی پرچہ دینے کے لئے طلبہ مقررہ وقت پر امتحانی سنٹروں میں پہنچے تو کچھ دیر انتظار کرنے کے بعد معلوم ہوا کہ پیپر چھپ نہیں سکا اس لئے پیپر کینسل کرکے طلبہ کو گھر بھیج دیا جائے جس پر طلبہ اور والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ بعض طلبہ کے والدین معلومات نہ ملنے پر بچوں کو امتحانی سنٹروںسے لینے کے لئے لیٹ پہنچے اتنی دیر امتحانی سنٹروں میں سہمے بچے والدین کا بے صبری سے انتظار کرتے ہوئے روتے رہے۔ آج 25 فروری کو 11بجے ملتوی ہونے والا انگریزی کا امتحان ہو گا جبکہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق آج اردو کا جو پیپر لیا جانا تھا وہ اب 26 فروری کو ہوگا اور اسلامیات کے پیپر کی تاریخ تاحال نہیں بتائی گئی ہے۔ وزیر تعلیم رانا مشہود کا کہنا ہے پانچ اضلاع میں پیپرز وقت پر نہیں پہنچ سکے جس کی وجہ سے بچوں کی بہتری کرتے ہوئے پنجاب بھر میں پیپر ملتوی کرنا پڑا ہے اس میں بچوں کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پانچویں جماعت کے پیپر چھاپنے کا کروڑوں کا ٹھیکہ پنجاب ایگزامینیشن کمشن نے ایک ہی کمپنی کو دے رکھا ہے۔ کمپنی کے پاس اتنے زیادہ پیپرز ایک ہی وقت میں چھاپنے کی استطاعت نہیں۔ ادھر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پانچویں جماعت کا انگریزی کا پیپر ملتوی ہونے کی خبر کانوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری سکولز ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلی نے ہدایت کی ہے کہ پیپر بروقت نہ لئے جانے کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔ علاوہ ازیں پرچہ ملتوی ہونے کے باعث سرگودھا، کوٹ مومن، چشتیاں، خوشاب، شکرگڑھ، ڈسکہ، دینہ، وزیر آباد، چک امرو اور لالہ موسیٰ میں طویل سفر کر کے امتحانی سنٹروں پر پہنچنے والے طلبہ و طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور وہ سراپا احتجاج بن گئے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوا ئے وقت کے مطابق پنجاب ایگزامنیشن کے زیراہتمام منعقد ہونے والے جماعت پنجم کے سالانہ امتحانات میں گذشتہ روز انگلش کا پرچہ امتحانی سنٹرز میں نہ پہنچ سکا جس کیوجہ سے مزکورہ پرچہ کو منسوخ کر دیا گیا۔ ہزاروں طلبہ و طالبات پیپر دیئے بغیر گھروں کو واپس لوٹ گئے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پرچہ منسوخ ہونے پر دلبرداشتہ سٹوڈنٹس سراپا احتجاج بن گئے۔ والدین اورطلبہ نے پرچہ ملتوی کرنے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق منگل کو جماعت پنجم کا انگریزی کا پرچہ تھا جو لاہور سے آنا تھا لیکن مبینہ طور پر پیپر کی چھپائی نہ ہونے سے ضلع گوجرانوالہ سمیت پانچ اضلاع میں پیپر نہ پہنچ سکے۔ کامونکے+ سادھوکے سے نامہ نگاران کے مطابق پنجم کلاس کے انگریزی کا پرچہ امتحانی مراکز پر نہ پہنچنے سے عملہ سمیت طلبا و طالبات کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ گکھڑ منڈی سے نامہ نگار کے مطابق پرچہ ملتوی ہونے پر طلباء وطالبات کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ مزید براں ایک پرنٹر سے پرچے چھپوانے سے پانچویں اور آٹھویں کے امتحانات ری شیڈول کردیئے گئے۔ آٹھویں کے طلباء کو اتوار کو بھی پرچہ دینا پڑے گا۔ پانچویں کا انگلش کا پرچہ 25، اردو 26 فروری، اسلامیات کا 3 مارچ کو ہوگا۔ آٹھویں کا سائنس کا پرچہ 28 فروری، میتھ 2 مارچ اور انگلش 4 مارچ کو ہوگا۔ آٹھویں کا اسلامیات کا پرچہ 6 مارچ اور اردو کا 8 مارچ کو ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن