• news

ویسٹ ایڈیز ورلڈ کپ میں مشکل حریف بن گئی‘ گیل نے خطرے کی گھنٹی بجا دی: اظہر خان‘ نوید الحسن‘ عامر نذیر

لاہور(نمائدہ سپورٹس/سپورٹس رپورٹر)ویسٹ انڈیز کی ٹیم ایک ناکامی کے بعد جاگ گئی ہے۔پاکستان اور زمبابوے کو شکست دینے کے بعد آئندہ میچز میں بھی مشکل حریف ثابت ہو گی۔ان خیالات کا اظہار سابق چیف سلیکٹر اظہر خان نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وسٹ انڈیز کے ٹاپ پلئیرز پرفارم کر رہے ہیں۔آئر لینڈ کے خلاف بھی ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔ہاکستان کے خلاف کیر بینز نے کھیل کے تمام شعبوں میں متاثر کن کھیل کا مظاہرہ کیا اب کرس گیل نے بھی ڈبل سینچری کے ساتھ مخالف گیند بازوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ کرس گیل آؤٹ آف فارم تھے وی رنز کرنے کی مسلسل کوشش کرتے نظر آئے۔انکی ڈبل سینچری سے پوری ٹیم کے اعتماد اور جذبے میں اضافہ ہوگا۔سیموئلز نے بھی تھری فیگر اننگز کھیل کر اپنی فارم اور کلاس ثابت کی ہے۔دوسری طرف زمبابوے نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہدف کے تعاقب میں ہمت نہیں ہاری اور بھر پور کھیل پیش کیا۔رانا نوید الحسن کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے آغاز اچھا نہیں کیا تھا,ٹیم اندرونی طور پر مسائل کا شکار تھی لیکن یوں محسوس ہوتا ہے کہ اب ٹیم انتظامیہ زیادہ بہتر انداز میں کھلاڑیوں کے معاملات کو دیکھ رہی ہے۔کرس گیل نے ایک مرتبہ پھر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ ثابت کیا ہے کہ وہ اکیلے میچ کا نقشہ بدلنے کی صالاحیت رکھتے ہیں۔اس ٹیم کو کپتانی میں مسائل کا ضرور سامنا کرنا پڑ سکتا ہے دیگر شعبوں میں اچھے اور ماہر کھلاڑی موجود ہیں بالخصوص بیٹنگ میں ضاصی گہرائی ہے۔ٹیسٹ کرکٹر عامر نذیر کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بہت تیزی کے ساتھ بہتری کی طرف سفر کیا ہے پہلے میچ میں اپ سیٹ شکست کے بعد انہوں نے بہترین انداز میں کم بیک کیا ہے۔ کیربین پلئیرز دنیا بھر میں 20،20 کرکٹ کھیلتے ہیں انہیں مختلف قسم کے حالات میں جلد ایڈ جسٹ ہونے کا زیادہ تجربہ ہے۔پرائیویٹ لیگز میں کنٹریکٹ کے حصول کے لئے عالمی مقابلوں میں بھی کھلاڑیوں کو عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے اسلئے وہ پروفیشنل انداز میں کھیلتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔کرس گیل اور سیموئلز اپنے بورڈ کے ساتھ کچھ معاملات پر اختلاف ضرور رکھتے ہیں لیکن عالمی کپ مقابلوں میں وہ اب پوری توجہ کے ساتھ کھیلتے ہوئے ٹیم کیکامیابیوں میں اپنا حصہ ڈالتے نظر آ رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن