• news

پاکستان والی بال فیڈریشن کے آئین میں ترمیم، چودھری یعقوب 6 ماہ کیلئے چیئرمین نامزد

لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان والی بال فیڈریشن نے سپورٹس پالیسی کے تحت آئین میں ترمیم کرتے ہوئے چیئرمین کا عہدہ متعارف کرتے ہوئے اگلی چھ ماہ کی مدت کے لیے نئے عہدیداران کا چناو کر لیا ہے۔ اس سلسلہ میں گذشتہ روز مقامی ہوٹل میں پاکستان والی بال فیڈریشن کا جنرل کونسل اجلاس منعقد ہوا جس میں چودھری یعقوب کو اتفاق رائے سے فیڈریشن کی باقی چھ ماہ کی رہنے والی مدت کے لیے چیئرمین نامزد کیا گیا ہے جبکہ فیڈریشن کے سینئر نائب صدر کو فیڈریشن کا صدر بنا دیا گیا ہے۔ چودھری یعقوب کا کہنا تھا کہ سیکرٹری اور خزانچی کے عہدہ پر کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے محمد شاہد کمال سیکرٹری جبکہ ایم بی کمال خزانچی کے عہدہ پر برقرار رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں نائب صدر کے عہدہ کی دو سیٹوں پر سندھ کے صدر ظفر اقبال اور خیبر پی کے کے اعجاز احمد خان کو منتخب کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں والی بال کھیل کے فروغ کے لیے اگلے ماہ کے آخر میں نیشنل چیمپیئن شپ کا لاہور میں انعقاد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جلد شیڈول کا اعلان کر دیا جائے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم رواں سال دو انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں بھی شرکت کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن