• news

بنوں: بم دھماکہ میں ایس ایچ او سمیت 7 اہلکار زخمی، جھڑپ، دہشت گرد مارا گیا

بنوں+ پشاور+ کوہاٹ (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) بنوں میں پولیس گاڑی کے قریب بم دھماکے میں ایس ایچ او سمیت 7 اہلکار زخمی ہو گئے ہیں جبکہ فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران جھڑپ میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق بنوں کے کنگر پل کے قریب بم موٹرسائیکل میں لگایا گیا تھا۔ کوہاٹ میں پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 12 اشتہاریوں سمیت 86 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ادھر فرنٹیئر کور کے عملے نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے تین کلو وزنی بم ناکارہ بنا کر قبضے میں لے لیا۔ علاوہ ازیں تربت میں ایف سی نے خفیہ اطلاعات پر ایک گھر پر چھاپہ مار کر تین مغویوں کو بازیاب کرا لیا۔ اغوا کاروں کے ٹھکانے سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور ایران سے سمگل شدہ پٹرول بھی بھاری مقدار میں برآمد ہوا ہے۔ مزید برآں قلات میں ایف سی کی کارروائی کے دوران 5 آئل ٹینکرز سے بھاری مقدار میں ایرانی ڈیزل برآمد کر لیا گیا۔ ادھر نوشہرہ میں انسداد پولیو کے قطرے پلانے سے انکار پر 160 افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے 18 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ادھر پشاور کے مضافاتی علاقہ منتھر ادارمنگی میں نامعلوم افراد نے افغان باشندہ کی گاڑی کو اسلحہ کی نوک پر روک دیا اور اسے گاڑی سے نیچے اتار کر فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ علاوہ ازیں نواحی علاقہ خزانہ بخشو پل میں سابقہ دشمنی کی بنا پر چلتی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجہ میں ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ ادھر بارکھان کے قریب بجلی کے ٹاور کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کر دیا گیا۔
بنوں بم دھماکہ

ای پیپر-دی نیشن