• news

71 ءکی جنگ کے 54 قیدی پاکستانی جیلوں میں ہیں‘ اسلام آباد تسلیم نہیں کرتا : بھارتی وزیر خارجہ

نئی دہلی(آن لائن) ”انڈین ایکسپریس“ کے مطابق بھارت یہ سمجھتا ہے کہ اس کے 74 دفاعی اہلکار لاپتہ ہیں جن میں 71کی جنگ کے 54جنگی قیدی پاکستان کی تحویل میں ہیں جب کہ پاکستان کسی بھی بھارتی جنگی قیدی کی اپنی تحویل میں موجودگی کے بھارتی دعویٰ کو یکسر مسترد کرتا ہے۔ 6 ہزار بھارتی دنیا کے71ممالک کی جیلوں میں مختلف جرائم میں قید ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے لوک سبھا میں تحریری جواب میں کہا ہے کہ 6,443 بھارتی 71 ممالک کی جیلوں میں بند ہیں۔ دستیاب معلومات کے مطابق 54 جنگی قیدیوں سمیت 74دفاعی اہلکار لاپتہ ہیں جنگی قیدیوں کے بارے بھارت سمجھتا ہے کہ وہ 1971 ءکے بعد سے پاکستانی جیلوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان جنگی قیدیوں کی رہائی کے لئے بھارتی حکومت نے بارہا سفارتی چینلز کے ذریعے اور اعلیٰ سطحی رابطوں کے دوران پاکستان حکومت کے سامنے یہ مسئلہ اٹھایا ہے یہ پاکستان اپنی تحویل میںکسی بھی بھارتی جنگی قیدی کی موجودگی کو تسلیم نہیں کرتا۔ حکومت نے لوک سبھا کو بتایا کہ سب سے زیادہ 1,534 بھارتی قیدی سعودی عرب،833 متحدہ عرب امارات، 352 پاکستان اور73 سری لنکا کی جیلوں میں بند ہیں۔ غیر ملکی جیلوں میں بھارتی قیدیوں کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے سوراج نے کہا کہ 257 بھارتی بنگلادیش، 117 چین، 145 اٹلی، 290کویت، 614نیپال اور 96 قطر کی جیلوں میں بند ہیں۔ امریکہ کی جیلوں میں 291 کے علاوہ برطانیہ کی جیلوں میں 437 بھارتی قید ہیں۔ دریں اثناءبھارت نے کہا ہے کہ اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ پاکستان کا یورینیم کی پیداوار کے لئے چوتھا جوہری ری ایکٹر بھی پوری طرح آپریشنل ہوچکا ہے۔ وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی کے سنگھ نے راجیہ سبھا کو تحریری بیان میں بتایا کہ بھارتی حکومت پاکستان کے خوشاب میں جوہری ری ایکٹر سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کا چوتھا آپریشنل ہونے والا جوہری ری ایکٹر ہے جو کہ جوہری ہتھیاروں کیلئے استعمال ہونے والے یورینیم کی پیداواری صلاحیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت ملک کی قومی سلامتی ضروریات کی بنیادوں پر ملکی مفادات کے تحفظ کیلئے تمام تر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اپنے سفارتخانے اور مشن کی جاسوسی کا معاملہ امریکہ کے سامنے اٹھایا ہے اور امید ہے کہ امریکہ ہمارے خدشات کو جلد دور کرے گا۔
بھارت/لوک سبھا

ای پیپر-دی نیشن