• news

وزیراعظم کے خلاف کارروائی کیلئے انٹرا کورٹ اپیل، سماعت 5 مارچ تک ملتوی

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کیلئے دائر انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت پانچ مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے درخواست کے قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل طلب کر لیے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت کی۔ درخواست گزار سید اقتدار حیدر نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنی بیٹی مریم نواز کو میرٹ کے برعکس یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن کے عہدے پر تعینات کیا۔ عدالتی حکم پر مریم نواز کو یہ عہدہ چھوڑنا پڑا۔ مریم نواز کے شناختی کارڈ پر نام مریم صفدر ہے جبکہ یوتھ لون سکیم کی چیئرپرسن کے عہدے کیلئے غلط طور پر مریم نواز کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے حلف کی پاسداری نہیں کی۔ انہوں نے مذکورہ تقرری کرتے ہوئے نہ صرف میرٹ کا خیال نہیں رکھا بلکہ غلط نام سے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا اس لیے وزیراعظم میاں نواز شریف کے خلاف آئین کے آرٹیکل چھ کے تحت کارروائی کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن