کراچی: انیس سومرو پولیس مقابلہ کیس‘ سب انسپکٹر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری
کراچی (صباح نیوز) سپریم کورٹ نے تھانہ سچل کراچی کے ایس ایچ او کی تعیناتی کے معاملہ پر آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کو آج پیش ہو کر وضاحت پیش کرنے کا حکم دیا ہے عدالت نے انیس سومرو مبینہ پولیس مقابلے کے تفتیشی افسر سب انسپکٹر قربان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے آج پیش ہونے کا حکم دیا عدالت نے انیس سومرو کے اہلخانہ کو دھمکانے کے معاملہ پر ایس ایس پی رائو انوار کو آج پیش ہو کر وضاحت کرنے کا حکم دیا ہے، جسٹس امیر ہانی مسلم اور جسٹس مقبول باقر پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کراچی برانچ رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کی۔ عدالت نے قرار دیا کہ اگر مقتول انیس سومرو کے اہلخانہ کو کچھ ہوا تو ملیر پولیس اس کی ذمہ دار ہو گی۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں مبینہ پولیس مقابلہ میں ہلاک ہونے والے ملزم انیس سومرو کے والدین کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے عدالت کو بتایا کہ آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی، وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے دورہ کراچی کی وجہ سے ان کی ڈیوٹی پر مصروف رہے اس وجہ سے وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکے۔ عدالت نے غلام قادر تھیبو سے کئی سوالات کئے عدالت نے استفسار کیا کہ کس طرح ایس ایچ او سچل کو تعینات کیا گیا جبکہ وہ دو مرتبہ معطل ہوا اس پر سنگین الزامات ہیں اس کی دو مرتبہ تنزلی کی گئی اس پر اغواء برائے تاوان جیسے سنگین الزامات ہیں اس کے باوجود اسے کس طرح ایس ایچ او تعینات کیا گیا آئی جی سندھ آج عدالت میں پیش ہو کر اس کی وضاحت کریں۔ عدالت نے انکوائری افسر سب انسپکٹر قربان کے پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔