دہشت گردی کا کوئی بڑا واقعہ ہوا تو بھارت پاکستان پر حملہ کر دیگا‘ ایٹمی جنگ کا خطرہ: امریکی کانگریس میں رپورٹ
واشنگٹن (آئی این پی+این این آئی) امریکی کانگرس کو بتایا گیا ہے کہ بھارت میں دہشت گردی کے کسی اہم حملے کے نتیجے میں پاکستان پر بڑے پیمانے پر فوجی حملے شروع ہوسکتے ہیں، جس سے دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے خطے میں ایٹمی جنگ شروع ہوسکتی ہے۔ جنوبی ایشیا کے معاملات پر دو امریکی ماہرین جارج پرکووچ اور ایشلے ٹیلیس نے سینیٹ کے پینل کے سامنے یہ انکشاف کیا۔ امریکی سینٹ اور ایوانِ نمائندگان نے 2016ءکے بجٹ کیلئے اوباما انتظامیہ کی تجاویز پر غور کرنے کیلئے سماعتوں کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ جب بیرون ملک دی جانے والی امداد کیلئے امریکہ کے محکمہ خارجہ کی تجاویز پر تبادلہ خیال شروع ہوا تو قانون سازوں نے وزیرخارجہ جان کیری سمیت سینئر امریکی حکام اور تھنک ٹینک کے ماہرین کو بھی اوباما انتظامیہ کی غیرملکی پالیسی کی وضاحت کیلئے مدعو کیا۔ ان سماعتوں میں سے ایک کے دوران ان دونوں ماہرین نے دلیل دی کہ اگر بھارت نے سرحدپار سے بڑے دہشت گرد حملے کے جواب میں پاکستان کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی حملے شروع کئے تو پاکستان بھارت کیخلاف ایٹمی ہتھیاروں کا استعمال کرسکتا ہے۔ کارنیگی وقف برائے عالمی امن کے جارج پرکووچ نے کہا کہ ”جنوبی ایشیا ایسا خطہ ہے، جہاں مستقبل قریب میں ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کا سب سے زیادہ امکان پایا جاتا ہے۔ اس خطرے کو پاکستان اوربھارت کے درمیان جاری غیرمعمولی مقابلے بازی سے تحریک مل سکتی۔ اسی ادارے سے تعلق رکھنے والے ایشلے ٹیلیس نے امریکہ پر زور دیا کہ ایسے دہشت گرد حملے روکنے کے لیے وہ اپنا اثرورسوخ استعمال کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ایسی دو ریاستوں میں جہاں حکومتوں کے درمیان حسد موجود ہے جو آج سے کہیںزیادہ کل بڑھ جائیگا امریکہ ان کی ڈیٹرنس محفوظ کرنے کی صلاحیت کم کرسکتا ہے۔