سیاسی جرگے کی ملاقات‘ اسحاق ڈار نے خط کا جواب حوالے کردیا
اسلام آباد+لاہور(نوائے وقت رپورٹ+سپیشل رپورٹر)سیاسی جرگے نے کہا ہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان اختلافات بہت کم رہ گئے ہیں،امید ہے فریقین میں جلد مذاکرات ہوں گے اور مسئلہ کم مدت میں حل ہوجائے گا،پوری قوم ڈیڈلاک کے خاتمے کی منتظر ہے،تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی رات پیپلزپارٹی کے رہنما اور سیاسی جرگے کے کنوینئر رحمان ملک اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی،جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے جرگے کے خط کی روشنی میں حکومت کی طرف سے اس کا جواب سیاسی جرگے کے حوالے کیا۔ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے خط کا تفصیلی اور تمام تر تحفظات کا تحریری جواب دیا ہے،جرگے کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،جرگے کی سوچ انتہائی مثبت ہے،ان کے ڈرافٹ کی روشنی میں جوڈیشل کمیشن بننا چاہئے،چاہتے ہیں کہ جرگہ اپنی کوششوں میں کامیاب ہوجائے،جوڈیشل کمیشن آئین وقانون کے مطابق فیصلہ دے گا۔اس موقع پر رحمان ملک نے کہا کہ اسحاق ڈار نے تعاون کا یقین دلایا ہے،امید ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے معاملات طے پا جائیں گے،پوری قوم ڈیڈلاک کے خاتمے کی منتظر ہے،چند دن میں معاملے کا حل نکال لیں گے،جرگے کی وجہ سے بڑے بڑے اختلافات میں کمی آئی ہے،قوم نے مذاکرات کے فریقین پر نظریں رکھی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہئے،کمیشن تحقیقات کرے کہ آیا انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے یا نہیں،چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی میں واپس آجائیں،عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے،انہیں اسمبلی میں آنا چاہئے۔جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی کوششوں میں کامیابی حاصل ہوئی ہے،جمہوری تسلسل چاہتے ہیں ،سیاسی رہنماؤں کو چاہئے کہ وہ پارلیمنٹ میں آئیں اور جمہوری عمل کا تسلسل رہنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ مسئلے کا حل حل ہو،دونوں جماعتوں کے خط پر بغور جائزہ لینے کے بعد فریقین کو اپنی تجاویز دیں گے،انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی جلد اسمبلی میں واپس آجائے،فریقین میں فاصلہ کم رہ گیا ہے،ہم ثالث کے طور پر اختلافات کم کرائیں گے،اختلافات میں کافی حد تک کمی آئی ہے،14اگست کے بعد سے ہم مسلسل کوششیں کر رہے ہیں،خط کا جواب ملنے کے بعد بہت سے خدشات دور ہوگئے ہیں۔ قبل ازیں منصورہ لاہور میں حلقہ خواتین کی مرکزی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا جماعت اسلامی ملک میں غربت ،بے روز گاری ،مہنگائی اورجہالت کے خلاف جہاد کررہی ہے ،انہوں نے کہا کہ معاشرے میں موجود استحصالی قوتیں عوام کو آزاد ی کا حق دینے کیلئے تیار نہیں ، ملک پر مسلط انگریزوں کا پروردہ استحصالی طبقہ پاکستان کو ایک اسلامی اور خوشحال پاکستان بننے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ، سیاسی برہمنوں اور پنڈتوں نے ملک کی سیاست اور جمہوریت کو یرغمال اور تمام اختیارات اور وسائل پرقبضہ جما رکھا ہے۔انہو ں نے کہا کہ وہ وقت اب زیادہ دور نہیں جب پاکستان میں اسلامی انقلاب کا سورج طلوع ہوگا،انہوں نے کہا کہ خواتین کو آبادی کے 51فیصد حصے تک اپنی دعوت پہنچانے کیلئے ایسے منظم انداز میں کوشش کرنی چاہئے۔
سیاسی جرگہ