مسلم لیگ (ن) نے عوام سے کیے وعدے پورے نہیں کئے: چودھری سرور
شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی ) تحریک انصاف کے مرکزی رہنماءسابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک کو چوروں لٹیروں قبضہ مافیا سے چھٹکارا ڈلوانے کیلئے پاکستان کے تمام تاجر تحریک انصاف میں شامل ہوجائیں ملک کے 18کروڑ عوام ناانصافی ظلم کرپشن کے خلاف عمران خان کی قیادت میں جدوجہد کررہے ہیں ان کی جدوجہد جلد رنگ لائے گی پارٹی کے کارکن قیمتی سرمایہ ہیں عمران خان سمیت تمام رہنماءکارکنوں کی عزت و احترام کرتے ہیں انہوں نے سرگودھا اور وہاڑی کے ہسپتالوں میں آکسیجن نہ ملنے پر درجنوں بچے دم توڑ گئے اگر یہ واقع کسی اور ملک میں ہوتا تو وہاں ہنگاموں کے ساتھ ساتھ حکومت مستعفی ہوجاتی۔مرکزی انجمن تاجران شیخوپورہ کے چیئرمین الحاج ملک محمد اسلم بلوچ کی تحریک انصاف میں شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوئی ہے انشاءاللہ بلدیاتی اور عام انتخابات میں تحریک انصاف پنجاب میں کلین سویپ کرے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی انجمن تاجران کے چیئرمین الحاج ملک محمد اسلم بلوچ کی اقامت گاہ پر تاجروں اور پارٹی کارکنوں سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر تحریک انصاف پنجاب کے صدر چوہدری اعجاز احمد ،سابق ایم این اے ملک ظہیر عباس کھوکھر ،ضلعی صدر کنور عمران سعید ، چوہدری مشتاق احمد ورک ،سابق آئی جی پولیس چوہدری محمد یعقوب ،سابق ایم این اے چوہدری محمد سعید ورک ، ابوبکر مشتاق ورک ،شفقت علی کجر ،میاں شفیق ،چوہدری معراج خالد و دیگر بھی موجود تھے چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ن لیگ نے اپنے انتخابی منشور میں قوم سے جو وعدے کیے تھے وہ پورے نہیں ہوسکے بجلی کی لوڈشیڈنگ 6ماہ میں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا مگر دو سال بعد بھی لوڈشیڈنگ ختم نہ ہوسکی، سرکلر ڈیڈ دو سال میں 580 ارب روپے تک ہوگیا ہے ملک میں اجالے نہیں اندھیرے پڑے ہوئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے دوسرا وعدہ بلدیاتی انتخابات چھ ماہ میں کروانے کا کہا تھا مگر دو سال گزرنے کے باوجود نہیں کروائے انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کو سیاسی بنادیا گیا ہے جب سیاسی لوگ سپاہی سے لیکر ڈی پی او تک اور پٹواری سے لیکر ڈی سی او تک اپنی مرضی سے لگوائیں گے تو پھر ملک میں انصاف کا بول بالا نہیں ہوسکتا جبکہ اس کے برعکس خیبر کے پی کا وزیراعلیٰ کوئی تقرری یا تبادلہ نہیں کرسکتا۔ جلسہ سے پنجاب کے صدر چوہدری محمد اعجاز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری محمد سرور نے گورنر کا عہدہ چھوڑنے کے بعد اپنے سیاسی سفر کا آغاز شیخوپورہ میں بھرپور جلسہ کرکے کیا ہے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی باضمیر انسان شریفوں کے ساتھ چل نہیں سکتا۔ مرکزی انجمن تاجران کے چیئرمین الحاج ملک محمد اسلم بلو چ نے کہا کہ پاکستان اس وقت شدید بحرانوں کا شکار ہے حکومتی ادارے داخلی اور خارجی محاذ پر ناکام ہوچکے ہیں۔
چودھری سرور