فضل الرحمن کی پوری سیاست کشمیر کمیٹی اور ایک وزارت کے گرد گھومتی ہے: شیریں مزاری
اسلام آباد(ایجنسیاں)تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری نے کہا ہے کہ فضل الرحمن سینٹ انتخابات سے خوفزدہ ہیں اور اب سینٹ انتخابات میں پیسے کا کھیل ختم ہونے سے مولانا کا کھیل بھی ختم ہوجائیگا ۔ مولانا کی پوری سیاست کشمیر کمیٹی اور ایک عدد وزارت کے گرد گھومتی ہے ۔ فضل الرحمان ہمیشہ سے اقتدار کے بھوکے ہیں اور اب سینٹ انتخابات میں پیسے کی آنکھ مچولی ختم ہونے سے مولانا کی سیاست کو بھی دھچکا لگنے کا احساس ہوگیا ہے۔ تحریک انصاف نے پارلیمنٹ سے استعفے اصولی موقف کے پیش نظر دیئے تھے ۔علاوہ ازیں شیریں مزاری نے حکومت کی جانب سے افتخار محمد چوہدری کو بطور سابق چیف جسٹس دستیاب مراعات کے علاوہ 6ہزار سی سی بلٹ پروف کار کی دیکھ بھال اور ایندھن پر اٹھنے والے اخراجات کی فراہمی پر انتہائی حیرت کا اظہار کیاہے۔ انکاکہنا ہے کہ ایسے میں جب پورے ملک کواقتصادی مشکلات کا سامنا ہے۔ سابق چیف جسٹس کی جانب سے پہلے سے دستیاب قابل ذکر مراعات کے ساتھ سہولیات کا تقاضا انتہائی شرمناک ہے۔انہوں نے کہا کہ کیا افتخار چوہدری کو مئی 2013کے انتخابات میں خصوصی خدمات سرانجام دینے پر خاص طور پر نوازا جا رہا ہے؟