متحدہ سٹیٹس کو کی مخالف ہے، شہیدوں کا لہو رنگ لا رہا ہے: الطاف حسین
کراچی (این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) کے قائد الطاف حسین نے بلامقابلہ سنیٹر منتخب ہونے والے بیرسٹر سیف اور نگہت مرزا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے متحدہ پر جھوٹے الزامات لگائے گئے لیکن مایوس نہیں ہوئے۔ خیبر پی کے سے بیرسٹر سیف کا سنیٹر بننا ثابت کرتا ہے پختونوں سے نفرت نہیں کرتے۔ ملک میں ایم کیوایم ہی سٹیٹس کو کی مخالف ہے اور اسکی برابری دنیا کی کوئی جماعت نہیں کرسکتی۔ وہ نائن زیرو پر لیبر ڈویژن کے یوم تاسیس کے موقع پر ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 32 سال سے جلاوطنی کاٹ رہا ہوں، ہم پر جھوٹے الزامات بھی لگائے گئے لیکن ہم مایوس نہیں ہوئے اور شہادتیں دیتے رہے، اب ہمارے شہیدوں کا لہو رنگ لا رہا ہے۔ ایم کیو ایم تمام طبقات کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے اسی لئے عوام متحدہ کے پرچم تلے جمع ہوجائیں کیونکہ ملک میں انقلابی تبدیلی ایم کیوایم ہی لائے گی۔ الطاف حسین نے کارکنوں کو مبارکباد دی کہ لیبر ڈویژن کے یوم تاسیس پر انہیں تحفے میں دو بلامقابلہ سنیٹر ملے۔ سینٹ کے انتخابات میں امیدواروں کی بلامقابلہ کامیابی کی خوشی میں جشن منایا گیا۔ کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور مٹھائی تقسیم کی۔
الطاف حسین