• news

سبی : جھڑپ میں دو دہشت گرد ہلاک‘ چار اہلکار زخمی‘ ڈیرہ بگٹی : دو پائپ لائنوں کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیاگیا

سبی+ ڈیرہ بگٹی+ کوئٹہ (بیورو رپورٹ+ ایجنسیاں) سبی کے علاقے میں جھڑپ کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 4 ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز سبی کے علاقے لہڑی میں ایف سی اہلکار گشت کر رہے تھے کہ دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی جس کے دوران 4 اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ ایف سی کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ دہشت گردوں کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ زخمی دہشت گرد کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ طبی امداد کے بعد تفتیش کے لئے جیل منتقل کر دیا جائے گا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے تھا۔ ادھر ڈیرہ بگٹی اور پیر کوہ کے علاقے میں نامعلوم دہشت گردوں نے آٹھ، آٹھ انچ قطر کی دو پائپ لائنوں کو گذشتہ روز دھماکہ خیز مواد سے اڑا دیا۔ دونوں پائپ لائنوں کو دس منٹ کے وقفے سے اڑایا گیا جس سے گیس پلانٹ کو گیس کی سپلائی معطل ہوگئی۔ دھماکے کے بعد لیویز اور ایف سی کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ گزشتہ روز بھی پیرکوہ میں گیس پائپ لائن کو اڑانے کے لئے دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا تھا جسے ایف سی نے ناکارہ بنا دیا تاہم اس سے 2 ہفتے قبل مذکورہ علاقوں میں 2 پائپ لائنوں کو تباہ کر دیا گیا تھا۔
2 دہشت گرد ہلاک

ای پیپر-دی نیشن