• news

اسلام آباد: 23 مارچ کو دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، 2 گرفتار، اسلحہ برآمد

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے + وقت نیوز + ایجنسیاں) وفاقی دارالحکومت میں 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر دہشت گرد ی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا اور 2 دہشت گرد گرفتار کرلئے گئے۔ پولیس نے دہشت گردوں سے بھاری تعداد میں خطرناک اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔ پولیس کے مطابق ایک اطلاع پر غوری ٹاﺅن کے علاقے میں چھاپہ مارا گیا جہاں سے ملزمان صغیر احمد اور راجہ سفیر اکبر کو گرفتار کرلیا گیا وہ 23 مارچ کو اسلام آباد میں دہشت گردی پھیلانا چاہتے تھے، پولیس نے ان کے قبضہ سے 6 عدد کلاشنکوفیں، رائفلیں اور دیگر اسلحہ بھی برآمد کرلیا۔ دونوں ملزموں کا پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت سے دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا۔ علاوہ ازیں وفاقی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاﺅن کرتے ہوئے 14 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے اور ان سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے۔ ادھر نوشہرہ میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 7 افغانیوں سمیت 27 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق حب کے علاقے اوتھل کے قریب گوادر جانے والے 9 افغان باشندوں کو سفری دستاویزات نہ ہونے پر گرفتار کرلیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن