امریکی امداد سے پاکستان میں 14 سو میگاواٹ اضافی بجلی پیدا ہوئی: ڈائریکٹر یو ایس ایڈ
اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں یو ایس ایڈ کے ڈائریکٹر گریگری سی گاتلیب نے کہا ہے ہم کراچی میں بجلی کی ایسی ٹرانسمشن لائنیں فراہم کررہے ہیں جن پر کنڈے نہیں ڈالے جاسکیں گے جس سے بجلی کی چوری رک جائیگی۔ وقت نیوز کے پروگرام ”ایمبیسی روڈ“ میں انٹرویو دیتے ہوئے یو ایس ایڈ کے سربراہ نے بتایا امریکہ کی امداد سے پاکستان میں اب تک بجلی کی پیداوار میں 1400 میگاواٹ کا اضافہ ہوچکا ہے۔ یو ایس ایڈ نے تربیلہ سے اضافی بجلی حاصل کرنے کیلئے پاکستان کی مدد کی۔اسکے علاوہ منگلا‘ جامشورو‘ ستبارہ اور گومل زام ڈیم سے بھی اضافی بجلی حاصل کرنے میں پاکستان کی مدد کی۔ انہوں نے بتایا یو ایس ایڈ نے پاکستان میں ڈسٹری بیوشن کے نظام کو ڈسٹری بیوشن اور مانیٹرنگ کے بوسیدہ نظام سے نجات دلائی۔ ڈسٹری بیوشن نظام کو ٹیلیفون کے ذریعے مانیٹر کیا جاتا تھا ہم نے اس نظام کو کمپیوٹرائزڈ کردیا اب دفتر میں بیٹھے ڈسٹری بیوشن کی مانیٹرنگ کی جاسکتی ہے۔ شمالی وزیرستان اور فوجی آپریشن کے متاثرین کی امداد کے بارے میں انہوں نے بتایا امریکی خارجہ سیکرٹری جان کیری نے حالیہ دورہ پاکستان میں ان متاثرین کیلئے 250 ملین ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ تعلیم کے شعبہ میں ہم کئی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ہم نے چاروں صوبوں میں طلبہ کیلئے ریڈنگ پروگرام شروع کیا ہے۔ اساتذہ کی تربیت کیلئے خصوصی پروگرام شروع کیا ہے۔ کئی اساتذہ امریکہ میں پی ایچ ڈی کرکے واپس آئے ہیں۔
ڈائریکٹر یو ایس ایڈ