• news

ٹماٹر‘ مرغی‘ انڈوں کی قیمتیں گرنے سے مہنگائی کم ہو گئی: ادارہ شماریات

کراچی (آن لائن) ملک میں گزشتہ ہفتے ٹماٹر، مرغی اور انڈوں کی قیمتیں گرنے کے باعث حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) کی بنیاد پر افراط زر کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.52 اور سالانہ بنیادوں پر 2.21 فیصد کی کمی ہوئی۔ پاکستان بیورو شماریات سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 26 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 6 اشیا بشمول گڑ، خشک دودھ، انرجی سیور، سرخ مرچ پسی ہوئی (کھلی)، شرٹنگ اور چائے کی پتی کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا تاہم 16 اشیا کی قیمتوں میں نسبتاً زیادہ کمی کے باعث افراط زر کی شرح نیچے آ گئی۔ ان میں ٹماٹر 11.63 فیصد فی کلوگرام سستے ہو گئے جبکہ انڈے 8.98 اور زندہ برائلر فارمی مرغی کی قیمت میں 6.03فیصد کمی ہوئی، اس کے علاوہ آلو، لہسن، ایل پی جی سلنڈر، کیلے، پیاز، دال چنا، چینی، دال مونگ، دال مسور، باسمتی ٹوٹا چاول، دال ماش، آٹے اور ویجیٹیبل گھی (کھلا/ تھیلی) کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی جبکہ گندم، اری 6 چاول سمیت 31اشیا کے نرخ برقرار رہے۔ واضح رہے کہ رواں سال کے آغاز سے قیمتوں میں کمی کا سلسلہ شروع ہوا جو اب تک جاری ہے۔
ادارہ شماریات

ای پیپر-دی نیشن