• news

سینٹ الیکشن کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل، ترسیل آج شروع ہو گی

لاہور+اسلام آباد (خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) سینٹ کے ارکان کے چنائو کیلئے تیاریاں جاری ہیں، 52 نشستوں پر ارکان کے انتخاب کیلئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل مکمل ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق چار ہزار بیلٹ پیپرز پرنٹنگ کارپوریشن میں چھاپے جا رہے ہیں، سندھ اور بلوچستان کے بیلٹ پیپرز سندھ میں چھاپے گئے جبکہ پنجاب کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام پنجاب اور فاٹا، خیبر پی کے، اسلام آباد کے بیلٹ پیپرز اسلام آباد میں چھاپے گئے ہیں، جنرل نشستوں کیلئے سفید جبکہ خواتین کیلئے گلابی رنگ کے بیلٹ پیپرز استعمال ہوں گے، علما ء اور ٹیکنو کریٹس کیلئے ہلکا سبز اور اقلیتوں کیلئے پیلا بیلٹ پیپر استعمال ہوگا، ذرائع کے مطابق بیلٹ پیپرز کی چھپائی گزشتہ روز مکمل ہو گئی جبکہ ترسیل آج (منگل) سے شروع ہوگی۔ واضح رہے سینٹ کے انتخابات پہلے 3 مارچ کو ہونے تھے تاہم الیکشن کمشن کی جانب سے تاریخ میں ردوبدل کے بعد انتخابات کیلئے 5 مارچ کی تاریخ مقرر کی گئی۔ نئے انتخابات کے بعد موجودہ ارکان سینٹ اپنی مدت پوری ہونے پر سبکدوش ہو جائیں گے۔ مزید برآں صدر ممنون حسین نے سینٹ کا اجلاس 12مارچ کو صبح 10بجے طلب کرلیا۔ سینٹ اجلاس میں نومنتخب سینیٹرز حلف اٹھائیں گے۔ اجلاس میں سینٹ کے نئے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا بھی انتخاب ہو گا۔لاہور سے خبر نگار کے مطابق سینٹ کے انتخابات کیلئے الیکشن کمشن کے متعلقہ عملے کی ٹریننگ گزشتہ روز اسلام آباد میں مکمل ہوگئی۔ پولنگ 5 مارچ کو صبح9 بجے سے سہ پہر4 بجے تک ہوگی۔ پنجاب اسمبلی میں صوبائی الیکشن کمشنر ظفر اقبال حسین ریٹرننگ افسر کے فرائض انجام دیں گے اور انکی معاونت ڈپٹی الیکشن آفیسر رانا محمد اسلم، عبدالوحید، عبدالحمید، اشفاق احمد سرور اور ممبر توصیف قادر کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن