• news

بی جے پی کی تنگ نظری، ہندوئوں کو شاہ رخ، سلمان اور عامر کی فلمیں دیکھنے سے منع کردیا، بچے ان سے بری چیزیں سیکھ رہے ہیں: سادھوی پراچی کا دعویٰ

دہرادون(آئی این پی)بھارتی حکمران انتہا پسند ہندو جماعت بی جے پی کی رہنما سادھوی پراچی نے ہندوؤں کو شاہ رخ ، سلمان اور عامر خان کی فلمیں دیکھنے سے منع کردیا۔ ریاست اتر کھنڈ کے شہر دہرا دون میں انتہا پسند ہندو جماعت وشوا ہندو پریشد کی تقریب کے دوران سادھوی پراچی نے کہا کہ ہمارے بچے ان خانز کی فلموں سے بری چیزیں سیکھ رہے ہیں۔ یہ اپنی فلموں کے ذریعے مسلمان لڑکے کے ساتھ ہندو لڑکی کی شادی کے رجحان کو فروغ دے رہے ہیں جو بھارت کے ہندوؤں کو کسی صورت برداشت نہیں، اس لئے ہندواپنے بچوں کو ناصرف ان تینوں کی فلمیں نہ دیکھنے دیں بلکہ اپنے گھروں اور دیواروں پر آویزاں ان کے پوسٹرز بھی ہٹادیں۔سادھوی پراچی نے کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں ہندو آبادی بڑھانے کے لئے ضرور شادی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوؤں کے مقابلے میں مسلمانوں کی آبادی میں زیادہ تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اس لئے ہندوؤں کو بھی چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ بچے پیدا کریں۔

ای پیپر-دی نیشن