لاہور سمیت کئی شہروں میں لوڈشیڈنگ، وادی نیلم میں پہیہ جام ہڑتال، دھرنا
لاہور/ آٹھ مقام (نامہ نگاران + صباح نیوز) لاہور، وہاڑی سمیت کئی شہروں میں غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ جاری، وادی نیلم میں بجلی کی عدم فراہمی کیخلاف پہیہ جام ہڑتال، مشتعل مظاہرین کا سرکاری دفاتر پر پتھرائو، دھرنا دیکر شاہراہ نیلم بند کردی۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق دانا ابراہیم ماچھیوال فیڈرز میں بجلی گزشتہ چنددنوں سے چوبیس گھنٹوں میں صرف دو تین گھنٹے فراہم کی جا نے لگی اسکے علاوہ واپڈا کی طرف سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈ کا سلسلہ بھی جاری ہے جس سے طلبہ وطالبات اور صارفین کو پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صارفین نے احتجاج کرتے ہوئیحکو مت سے ضلع بھر میں جاری بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کا مطالبہ کیا ہے۔ سول سوسائٹی سیاسی و سماجی تنظیموں کی مشترکہ کال پر بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف وادی نیلم بھر میں مکمل پہیہ جام ہڑتال کی، مشتعل مظاہرین پیر کی صبح سے ہی سڑکوں پر آگئے تھے ٹائر جلا کر رکاوٹیں کھڑی کر کے شاہراہ نیلم کو بند کر دیا۔طلباء حکومت انتظامیہ کے خلاف نعرے لگاتے رہے اور سرکاری دفاتر پر پتھرائو کیا گیا ہے۔ مشتعل مظاہر ین نے تمام دفاتر تجارتی مراکز کو بند کروایا ہے شدید بارش میں مظاہرین نے مرکزی چوک میں دھرنا دیا ہے بارش اور سردی کے باوجود مظاہرین موجود رہے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا وادی نیلم میں چوبیس گھنٹوں میں18 گھنٹے کی لوڈشیدنگ کی جارہی ہے غیر اعلانیہ بریک ڈائون سے روز مرہ زندگی کاروبار مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔