• news

دہشت گردوں کو خفیہ معلومات دینے والا تھانہ سول لائن کا کانسٹیبل گرفتار

لاہور ( نامہ نگار) پولیس نے دہشت گردوں کو سہولت اور خفیہ معلومات فراہم کرنیوالے تھانہ سول لائن کے کانسٹیبل کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔گرفتار اہلکار سی سی پی او لاہور سمیت دیگر افسران کی حرکات و سکنات کے بارے میں رپورٹ حاصل کرکے آگے فراہم کرتا۔ پروٹو کول اور وی وی آئی پیز کی معلومات بھی دہشت گردوں کو دیتا تھا۔ اہلکار پر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔پولیس ذرائع کے مطابق خفیہ اداروں کی اطلاعات کے بعد سی آئی اے قلعہ گجر سنگھ نے مبینہ طور پر دہشت گردوں سے روابط رکھنے پر فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے پولیس کانسٹیبل نعیم صفدر کو حراست میں لے لیا اور سنگین نوعیت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ، پولیس ذرائع کے مطابق اطلاعات ملی ہیں کہ مذکورہ کانسٹیبل نے افغانستان سے خصوصی تربیت حاصل کر رکھی ہے اور وہ کالعدم تنظیم کا سہولت کار بھی تھا۔ تھانہ سول لائن میں ڈیوٹی کے دوران سی پی او لاہور اور دیگر پولیس افسرانکے آنے جانے کے اوقات کار اور وی وی آئی پیز موومنٹ کی اطلاعات اپنے ساتھیوں کو فراہم کرتا تھا۔ نعیم صفدر کے بارے میں اس سے پہلے بھی سپیشل برانچ کی جانب سے خصوصی رپورٹ بھی بنائی گئی تھی تاہم پولیس افسران کی جانب سے اہلکاروں کی سکریننگ کا عمل شروع نہ ہوسکا تھا۔ محکمہ پولیس میں چھپے ہوئے دہشت گردوں کے سہولت کاروں تک رسائی میں ناکامی کے باعث اب حساس اداروں کی جانب سے ایسے افراد کی نشاندہی کی جارہی ہے ۔ سی سی پی او لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد امین وینس کا کہنا ہے مذکورہ اہلکار کو ایک ماہ قبل محکمہ پولیس کی خفیہ رپورٹ پر معطل کیا گیا تھا۔ لاہور پولیس کے اندر ایسے عناصر کی نشاندہی کی جارہی ہے اگر مزید کوئی اہلکار ملوث پایا گیا تو اسکے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔

ای پیپر-دی نیشن